حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہوئی ہے توقع ہے قومی اسمبلی اجلاس میں ماحول سازگار ہوگا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 جون 2019 14:19

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہوئی ہے توقع ہے قومی اسمبلی اجلاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے شروع دن سے وزیراعظم کی ایوان میں تقریر کے دوران شور شرابہ کیا جب قائد ایوان ایوان میں نہیں بول سکتے تو پھر اپوزیشن لیڈر کیسے بول سکتے ہیں‘ ایوان کے ماحول کو سازگار بنانے کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہوئی ہے‘ توقع ہے کہ آج ایوان کا ماحول سازگار ہوگا۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیاں چیئرمین سینٹ کے حوالے سے متفق ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے محمد صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بنانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ علی نواز نے کہا کہ اپوزیشن کا آپس میں اتحاد نہیں ‘ یہ خود ایک پیج پر نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے بہت واویلا کیا۔

حکومت بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ پر آمادہ ہوئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اگر ایوان میں لیڈر آف دی ہائوس کو بولنے نہیں دیا جاتا ان کی تقریر کے دوران شور شرابہ کیا جاتا ہے تو پھر کیا اپوزیشن لیڈر کو بولنے دیا جائے گا۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ حکومت کے ساتھ مل کر چلے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجٹ بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ہماری مطلوبہ تعداد پوری ہے‘ کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کا ماحول سازگار بنانے کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ہوئی ہے توقع ہے ماحول سازگار ہوگا۔