کمشنر کراچی ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ: دفاعی چمپئن باؤنس کلب اور ممبا اسکواڈ نے کامیابی سمیٹ لی

بدھ 19 جون 2019 14:29

کمشنر کراچی ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ: دفاعی چمپئن باؤنس کلب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کراچی پر جاری ’’ تیسرا کمشنر کراچی ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ‘‘ میںمزید2 میچوں کے فیصلے ہوگئے، کھیلے گئے پہلے میچ میں دفاعی چمپئن بائونس کلب نے مد مقابل مضبوط حریف فالکن کلب کو 32کے مقابلے میں41 باسکٹ پوائنٹس سے ڈھیر کردیا۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فاتح کلب کی جانب سے ریاب ملک16، ڈاکٹر عاطف نعمان15 اور ضیاء احمد نی10جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے صبیح اظہر9، عمر فاروق 9 اور محمد انس نے 8 پوائنٹس اسکور کئے جبکہ دوسرے میچ میں ممبا اسکواڈ نے مد مقابل پیٹریشن اسٹار کو 38کے مقابلے میں 47 باسکٹ پوائنٹس سے مات دیدی، فاتح کلب کی جانب سے محمد طلحہ15، سعد خان 12اور نعمان اعوان نے 10 رنر اپ کلب کی جانب سے رچرڈ بلیزے 16، اسٹیون ڈسلوا 10 اور مائیکل ٹرنر نی9 پوائنٹس اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے، کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض زاہد ملک، سید مصنف شاہ، ممتاز احمد، نذاکت خان، راحیل مبین اور محمد جمیل شیخ نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز عامر شریف، نعیم احمد اور راج کمار تھے۔

(جاری ہے)

میچ سے قبل مہمان خصوصی روٹری کلب کلفٹن کی صدر سمیرا انور اور کھیلوں کی معروف سرپرست و سماجی رہنماء بے نظیر بلوچ سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی رہنماء محمد سلیم خمیسانی، منتظم اعلیٰ ٹورنامنٹ غلام محمد خان، قومی سلیکٹر وانٹر نیشنل باسکٹ بال پلیئر عبدالناصر، محمد یعقوب اور دیگر موجود تھے۔ مہمان خصوصی سمیرا انور اور بے نظیر بلوچ نے شہر کراچی میں انتظامی اصلاحات کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے حوالے سے کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کی کاوشوں کو قابل تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کمشنر کراچی کی کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت اور سرپرستی کی وجہ سے آج شہر کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جب معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا تو امن اور خوشحال معاشرے کا قیام بھی ممکن ہوسکے گا، انہوںنے کھلاڑیوں سے کہاکہ وہ امن کے سفیر ہیں اور کھیل کے ذریعے باہمی ہم آہنگی، اتحاد و بھائی چارگی کو فروغ دیکر معاشرے سے منفی سرگرمیوں سے چھٹکارہ دلا سکتے ہیں۔ سمیرا انور اور بے نظیر بلوچ نے کہاکہ ہم صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیکر ایک صحت مند معاشرے کا قیام ممکن بنا سکتے ہیں شہر میں کھیلوں کے فروغ اور قیام امن کے لئے کمشنر کراچی سے مکمل تعاون کا اعلان کیا، انہوںنے کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی کھیلوں میں خدمات کے اعتراف میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے شاندار ایونٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ خصوصاً سیکریٹری کھیل و نوجوانان امور حکومت سندھ اختر حسین بگٹی کو ٹورنامنٹ اسپانسر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔