اپوزیشن کو جیل میں بند کرکے پانچ سال پورے کرلیں، صدر مسلم لیگ (ن)جاپان

بدھ 19 جون 2019 15:10

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2019ء) مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ حکومت تمام اپوزیشن کو جیل میں بند کرکے پانچ سال پورے کرلے ورنہ اب حکومت کے لیے حکمرانی کا وقت نہیں بچا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ملک نور اعوان نے کہا کہ میاں نواز شریف ، پھر شہباز شریف ،اب حمزہ شہباز ، خواجہ سعد رفیق ، حنیف عباسی سمیت آدھی سے زیادہ مسلم لیگ کو جیل میں ڈالنے کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت سمیت آدھی پیپلز پارٹی کو بھی جیل میں ڈالا جاچکا ہے۔

اب فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن رہنمائوں کو گرفتار کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں جس سے محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں کو معلوم ہے کہ ان کی کامیابی اور بقا صرف اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالنے سے ہی ہے ورنہ کارکردگی کی بنیاد پر تو حکومت کے خاتمے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ پاکستان میں عوام کا جینا مشکل ہوچکا ہے درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اب غربت کی سطح تک پہنچ چکے ہیں ،صرف تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا ہے باقی روزمرہ کی اشیاء اسمان سے باتیں کرہی ہیں۔

ملک یونس نے کہا کہ ریاست مدینہ کی مثالیں دینیوالوں نے اپنے ملک کو خطے کا غریب ترین ملک بنادیا ہے جہاں افغانستان ،بنگلہ دیش،نیپال ،بھوٹان اور سری لنکا بھی ہم سے آگے نکل چکے ہیں۔ اقتدار میں آتے ہی دوسو ارب ڈالر لانے کے دعوے کرنے والوں نے ملک پر قرضوں کا انبار کھڑا کردیا ہے۔ملک یونس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ن لیگ کی قیادت پر انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں بصورت دیگر جاپان سمیت دنیا بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے