بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا، اوپنر شیکھر دھون ورلڈکپ سے باہر

اوپنرآسٹریلیا کےخلاف انگوٹھے پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 جون 2019 16:39

بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا، اوپنر شیکھر دھون ورلڈکپ سے باہر
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19جون2019ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر شیکر دھاون انگوٹھے کی انجری کے باعث ورلڈکپ سے مکمل طور پر باہر ہوگئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق33سالہ شیکھر دھون آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران انگوٹھے پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد ان کا سکین کیا گیا جس کی رپورٹ کے مطابق شیکھر دھون کا انگوٹھا فریکچر ہے۔

بی سی سی آئی کے مطابق اوپنر اب مکمل طور پر ورلڈکپ سے باہر ہوگئے ہیں ، رواں ماہ بھارت کو افغانستان، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔شیکھر دھون ورلڈکپ میں بھارت کے اہم ہتھیار ہیں اور انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔

(جاری ہے)

شیکھر دھون آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کے بہترین بلے باز ثابت ہوئے ہیں اور اب تک آئی سی سی ایونٹس میں20 اننگز میں4نصف سنچریاں اور 6سنچریاں سکور کرچکے ہیں،انہوں نے ورلڈ کپ2015ءمیں بھی 2سنچریاں بنائی تھیں،شیکھر دھون کی جگہ اب لوکیش راہول بھارتی ٹیم کے لیے اوپننگ کریں گے جب کہ وجے شنکر یا دنیش کارتھک مڈل آرڈر میں کھیلیں گے، شیکھر دھون کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پانٹ کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو درخواست دے دی ہے ۔