وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی لبرل ڈیموکریٹس کے رہنماء سر وینس کیبل سے ملاقات

پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ اقتصادی تعلقات، عوامی رابطوں اور بزنس و ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

بدھ 19 جون 2019 16:48

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی لبرل ڈیموکریٹس کے رہنماء سر وینس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات، عوامی رابطوں اور بزنس و ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دارلعوام میں لبرل ڈیموکریٹس کے رہنماء سر وینس کیبل کے ساتھ ملاقات کے دوران پایا گیا۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے سر وینس کیبل کو سماجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے ذریعے انسانی ترقی سے متعلق حکومتی پالیسیوں، پاکستان میں اقتصادی مواقع اور خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں آگاہ اور پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں لبرل ڈیموکریٹک رہنما سر وینس کیبل، لارڈ ڈک نیوبی، ظفرحق، الیکس ڈیوس،کلودگ ہگنسن اور ایمی واؤچر شریک تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی دارالحکومت میں یورپی یونین کے حالیہ انتخابات میں لبرل ڈیموکریٹس کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

برطانوی پارلیمنٹیرینز نے فروری میں ہاؤس آف کامنز میں منعقدہ جموں و کشمیر کانفرنس میں پاکستان کے مؤقف کی تائید کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور متفقہ قرارداد منظور کرانے پر برطانوی پارلیمنٹیرینز کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان اور برطانیہ کے مابین منی لانڈرنگ، سنگین جرائم کی بیخ کنی، انسانی سمگلنگ کے انسداد سمیت باہمی دلچسپی کے بہت سے امور پر دوطرفہ تعاون خوش آئند ہے۔

لبرل ڈیموکریٹک رہنمائوں نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی امور پر بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔