موسم برسات کے شروع ہوتے ہی ڈینگی لارواکے پرورش پانے کے امکان بھی بڑھ جاتے ہیں، ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی

بدھ 19 جون 2019 17:10

سرگودہا۔19جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی نے کہا ہے کہ موسم برسات کے شروع ہوتے ہی ڈینگی لارواکے پرورش پانے کے امکان بھی بڑھ جاتے ہیںضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے تاکہ مستقبل میں وائرس کو روکنے کے ساتھ ساتھ ڈینگی بخار سے بھی بچا جاسکے ۔

انہوںنے بتایا کہ محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں ضلع بھر میں متحرک ہیں او رمختلف مقامات سے نمونہ جات حاصل کر کے تجزے کئے جا رہے ہیں تاکہ ممکنہ ڈینگی لاروا کو بروقت تلف کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اُنہوںنے شہریوںپر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے روشن دانوں اورکھڑکیوں میںجالی کا بندوبست کریں ۔

(جاری ہے)

ڈینگی کے لاروے کی افزائش روکنے کیلئے گملوں ، کیاریوں اور لان میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں ۔ کاٹھ کباڑ ،فالتوسامان اورپرانے ٹائروغیرہ فوری تلف کریں ۔ بارش ہونے کی صورت میں پانی کے نکاس کا ضرور بندوبست کریں ۔ صاف پانی ذخیرہ کرنے کے برتنوں ، ٹینکیوں اورڈرموں کو ڈھانپ کر رکھیں ۔کہیں پانی لیک ہو رہا ہو تو اس کا فوری انتظام کریں ۔انہوں نے کہا کہ رات کو سوتے وقت کوائل ، مچھر بھگاؤلوشن او رمچھر دانی کا استعمال کریں ۔ ریفریجریٹر کی ٹرے او رروم کولر میں پانی جمع نہ ہونے دیں ۔ بچوں کو پوری آستینوں کے کپڑے او رپتلون پہنائیں ۔ قبروں او ردیواروں پر پرندوں کیلئے رکھے گئے پانی کے برتن خشک او رصاف رکھیں تاکہ ڈینگی کے خطرات سے مکمل محفوظ رہا جاسکے ۔