Live Updates

حکومت آزاد کشمیر چیئرٹی کے عمل کو ریگولائز کرنے کے لیے قانون سازی کر رہی ہے، عطیات اور صدقات کی رقوم مستحق افراد تک پہنچانا ہم سب کا اجتماعی فر ض ہے،حاجی جاوید اختر

بدھ 19 جون 2019 17:18

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) وزیر سماجی بہبود آزاد جموں وکشمیر حاجی جاوید اختر نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر چیئرٹی کے عمل کو ریگولائز کرنے کے لیے قانون سازی کر رہی ہے ۔ عطیات اور صدقات کی رقوم مستحق افراد تک پہنچانا ہم سب کا اجتماعی فر ض ہے ۔ عوام چیئرٹی کے عمل میں اس بات کو یقینی بنائیں کے انکی رقوم کسی ایسے ادارے کو نہ جائے جن کا تعلق بالواسطہ یا بلا واسطہ کسی انتہا پسند یا کالعدم تنظیم سے ہو ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی کے زیر اہتمام’’حق حقدار تک ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار سے چیئرمین علماء و مشائخ کونسل مولانا عبیداللہ فاروقی ، جمعیت علماء اسلام کے امیر قاضی محمود الحسن اشرف ، ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز سردار جاوید ایوب ، وزارت اطلاعات و نشریات کے نمائندہ زاہد عثمان ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرامجد اقبال اعوان ، ملک اشفاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ سیمینار میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے پروگرام کے نمائندہ یاسراقبال نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ انکے عطیات اور صدقات کسی ملک دشمن سرگرمی میں استعمال نہ ہو سکیں ۔ اس پروگرام میں علماء کرام ، میڈیا ، وکلاء ، سیاسی نمائندگان کے ذریعے بھی آگاہی فراہم کی جارہی ہے ۔

مظفرآباد میں اس پروگرام کا تیسرا سال ہے اور اس سے بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ وزیر سماجی بہبود حاجی جاوید اختر نے کہا کہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے کہ صدقات اور عطیات کی رقوم کو مستحق افراد تک پہنچائیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کے ملک دشمن عناصر ہماری رقوم استعمال نہ کر سکیں ۔ کیونکہ کالعدم تنظیمیں یہ چندہ اکھٹا کر کے دہشتگردی میں استعمال کرتے ہیں ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پروگرام کے فوکل پرسن برائے آزاد کشمیر امتیاز اعوان نے بتایا کہ یہ پروگرام آزاد کشمیر کے اندر کامیابی سے جاری ہے ۔ رواں سال رمضان المبارک میں ا س امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ زکوٰة کی رقوم کوئی کالعدم تنظیم حاصل نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے قانون سازی کا عمل بھی ہو رہا ہے اور عوامی منتخب نمائندگان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے جنہوں نے اس حوالہ سے بل کی منظوری کی یقین دہانی کروائی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالہ سے اساتذہ نے معلم فائونڈیشن قائم کی ہے جس کے ذریعے مستحق اور نادار طلبہ و طالبات کی مدد کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی دوکان پر کالعدم تنظیموں کے چند باکس موجود نہیں ہیں جو اس پروگرام کی آگاہی مہم کا نتیجہ ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :