امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا

بدھ 19 جون 2019 17:38

فلوریڈا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا سے اپنی انتخابی مہم کا آغازکردیا ہے ، فلوریڈا کو 'سوئنگ اسٹیٹ' سمجھا جاتا ہے، اس ریاست سی انہوں نے 2016ء کے صدارتی انتخاب میں واضح برتری حاصل کی تھی۔منگل کو فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور صدر دوسری مدت کے لیے اگلا صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیاہے ۔

جلسے سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی انتخابی مہم کے نتیجے میں جو عوامی تحریک شروع ہوئی تھی وہ اب مزید مضبوط ہوگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایک ریاست کو سب سے پہلے اپنے لوگوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ امریکہ کے صدر نے معیشت اور امیگریشن سے متعلق اپنی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے اپنے ڈیموکریٹ حریفوں کو "سوشلسٹ" اور "بائیں بازو کے انتہا پسند" قرار دیا جو صدر کے بقول ان کے حامیوں کو کم تر سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جو کام اپنے دورِ صدارت کے پہلے ڈھائی سال کے دوران کیے ہیں وہ امریکہ کی تاریخ میں پہلے کبھی کسی نے نہیں کیے۔انتخابات میں صدر ٹرمپ کے مقابلے پر ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ کے اب تک 20 سے زائد امیدوار سامنے آچکے ہیں، ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار کا انتخاب آئندہ سال ہو گا۔