”فون آف دی ونڈ“۔ ایسا فون بوتھ جہاں سے لوگ اپنے مرحوم رشتے داروں کو فون کرتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 19 جون 2019 17:37

”فون آف  دی ونڈ“۔ ایسا فون بوتھ جہاں سے  لوگ اپنے مرحوم رشتے داروں کو ..

جاپانی ٹاؤن اوٹسوچی کے باہر  ایک پہاڑی ، جہاں سے بحرالکاہل نظر  آتا ہے، پر  گلاس پینل کے ساتھ ایک سفید رنگ کا  فون بوتھ ہے۔ اس فون  بوتھ میں ایک سیاہ رنگ کا روٹری فون ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فون کا کنکشن کہیں بھی اور کسی سے بھی نہیں ہے۔
2011 ء کی سونامی نے 20 ہزار  افراد کی جان لی اور لاکھوں افراد سوگوار چھوڑے۔ یہ سوگوار افراد اس فون بوتھ میں آتے ہیں اور اپنا غم کم کرنے کے لیے  اس فون کے ذریعے اپنے پیاروں سے بات کرتے ہیں۔


ونڈ فون اب اوٹسوچی میں ایک مشہور مقام ہے۔ اس پر بہت سی ڈاکیومنٹریز بھی بن چکی ہیں۔ اسے 2011 کے سونامی سے ایک سال پہلےقائم  کیا گیا تھا۔ اوٹسوچی کے رہائشی  اٹارو ساساکی نے 2010 میں اپنے کزن کو کھویا تو   اپنی پہاڑی پر ایک فون بوتھ بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنے مرحوم رشتے دار سے بات  کر کے اپنا غم کم کرے۔

(جاری ہے)

وہ ایک پرانے روٹری فون، جو کنکٹ نہیں  تھا،  سے اپنے کزن کا نمبر ڈائل کرتے اور ہوا کےدوش پر اپنی بات اپنے کزن تک  پہنچانے کی کوشش  کرتے۔

اگرچہ آج تک کسی مرحوم نے کسی کی کال کا جواب نہیں  دیا۔لیکن  اس بوتھ میں لوگ  ساساکی  کی طرح اپنے رشتے داروں  کی قربت کو محسوس کرتےہیں اور اپنا غم ہلکا کرتے ہیں۔
2011 کے زلزلے کے بعد ساساکی نے اپنا ونڈ فون بوتھ(Wind Phone booth) عوام کے لیےکھول دیا۔اس کے بعد کمیونٹی کے ممبر اسی طرح  اپنے پیاروں کا سوگ منانےلگے۔ اس بوتھ کے بارے میں خبریں پھیلی تو جاپان بھر سے لوگ یہاں آنے  اور اپنا غم ہلکا کرنے لگے۔

زلزلے کے بعد آنے والے تین سالوں میں 10 ہزار افراد نے اس فون بوتھ کواستعمال کیا۔ بہت سے لوگ تو ہر سال اس فون بوتھ میں آنے لگے۔
ساساکی کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ فون کہیں کنکٹ نہیں لیکن لوگوں کو لگتا ہے  جیسے دوسری طرف اُن کے رشتے دار اُن کی باتیں سن رہے ہیں۔ساساکی  کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ لوگ اپنے غم کا اظہار کر کے زندگی دوبارہ شروع کریں۔

ساساکی نے اس فون بوتھ میں ایک نوٹ بک بھی رکھی ہے،جس میں لوگ اپنے مرنے والوں کے لیے پیغامات لکھ دیتے ہیں۔
بغیر کنکٹ کیے ہوئے فون کی مدد سے مرنے والوں سے باتیں کرنا اگرچہ عجیب لگتا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طریقے غم کا اظہار کر کے لوگ  اپنے غم کو ہلکا کر سکتے ہیں۔
اس فون بوتھ کی کہانی سے متاثر ہو کر ایک فیچر فلم بھی  بنائی گئی ہے جو 2020 میں ریلیز کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :