ورلڈکپ میں مسلسل مایوس کن کارکردگی، پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں قومی ٹیم سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا

ورلڈکپ کے درمیان کسی قسم کی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا جائے گا، ٹورنامںٹ کے ختم ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی

muhammad ali محمد علی بدھ 19 جون 2019 18:40

ورلڈکپ میں مسلسل مایوس کن کارکردگی، پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19جون2019ء) ورلڈکپ میں مسلسل مایوس کن کارکردگی، پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس میں قومی ٹیم سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا، ورلڈکپ کے درمیان کسی قسم کی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا جائے گا، ٹورنامںٹ کے ختم ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں قومی ٹیم سے متعلق بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ورلڈکپ کے دوران ہی کسی قسم کی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامںٹ کے ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ چیئر مین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت اجلاس چار گھنٹے جاری رہا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

گورننگ بورڈ ارکان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے دوران گرین شرٹس کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں ہے، اُمید ہے ٹیم آئندہ میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔ میگا ایونٹ کے اگلے میچوں کیلئے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اجلاس کے دوران ایم ڈی وسیم خان نے اپنے دورہ انگلینڈ کی رپورٹ پیش کی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کیساتھ پلیئرز اور آ فیشل ایکسچینج پروگرام شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایم ڈی کی تقرری اور چیئر مین کے اختیارات کی منتقلی کی منظوری اور توثیق کی گئی جبکہ اجلاس کے دوران بورڈ کے مالی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور گزشتہ سال کے آڈٹ کے لیے آڈیٹر کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر گورننگ بورڈ اراکین نے ایشیا کپ کی میزبانی ملنے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو مبارکباد دی اور بلوچستان میں بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کو کمرشلائز کرنیکی منظوری دیدی، بگٹی سٹیڈیم کو کمرشلائز کرنے کے معاملے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔