Live Updates

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 8ویں عبوری ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان کر دیا

عبوری ویج بورڈ ایوارڈ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نئے پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لئے تحفہ ہے، تمام صحافتی تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے 8ویں حتمی ویج بورڈ ایوارڈ کا اجراء کیا جائے گا، وزارت اطلاعات و نشریات مستقل ویج ایوارڈ کے لئے مکمل تعاون کریگی، 14اگست کو صحافیوں ،میڈیا ورکرز کی نوکریوں اور سماجی تحفظ کے ساتھ میڈیا و اشتہارات پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، وزارت اطلاعات کی جانب سے ملک بھر کے پریس کلبز اور نیوز ایجنسیوں کی بند کی گئی گرانٹ بحال کر دی گئی ہے وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی 8ویں ویج بورڈ کے چیئرمین اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں کے مشاورتی اجلاس میں اتفاق رائے کے بعد میڈیا کو بریفنگ

بدھ 19 جون 2019 19:14

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 8ویں عبوری ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان کر دیا ہے ،صحافیوں کی 19سال کی جدوجہد اور انتھک کوششوں کے بعد انھیں 8واں عبوری ویج بورڈ ایوارڈ ملے گا ،تمام صحافتی تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت سے 8ویں حتمی ویج بورڈ ایوارڈ کا اجراء کیا جائے گا ،8ویں ویج بورڈ کے چیئرمین نے آجر اور اجیر کی ان پٹ کے بعد یہ عبوری ویج ایوارڈ تیار کیا ہے ،وزارت اطلاعات و نشریات مستقل ویج ایوارڈ کے لئے مکمل تعاون کریگی ،14اگست کو صحافیوں ،میڈیا ورکرز کی نوکریوں اور سماجی تحفظ کے ساتھ میڈیا و اشتہارات پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ،وزارت اطلاعات کی جانب سے ملک بھر کے پریس کلبز اور نیوز ایجنسیوں کی بند کی گئی گرانٹ بحال کر دی گئی ہے ،عبوری ویج بورڈ ایوارڈوزیراعظم عمران خان کی طرف سے نئے پاکستان میں صحافیوںاورمیڈیا ورکرز کے لئے تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پی آئی ڈی میں 8ویں ویج بورڈ کے چیئرمین اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں کے مشاورتی اجلاس میں اتفاق رائے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہی تھیں ۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (دستور) کے صدر حاجی محمد نواز رضا ،نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل قرار ،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، پرویز شوکت ،پی آر اے ،آر آئی یوجے اور ایپنک کے نمائندے بھی اس موقع پر ہمراہ تھے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ساتواں ویج ایوارڈ 2001میں جاری ہوا اور اس کے بعد مسلسل جدوجہد کے بعد آج 19سال بعد 8واں عبوری ویج بورڈ کا اعلان ہورہا ہے ۔8ویں ویج بورڈ کے چیئرمین جسٹس حسنات نے ملک بھر کے مختلف سٹیشنز کا دورہ کر کے اجر اور اجیر کی ان پٹ لی ،یہ ویج ایوراڈ کسی مخصوص گروپ،ادارے یا شخص کی جانب سے نہیں بلکہ مشاورت اور اتفاق رائے سے جاری ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک 8واں مستقل ویج بورڈ کا اعلان نہیں ہوجاتا ،اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل بھی جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ 19سال بعد جس ویج بورڈ کا اعلان کر رہے ہیں وہ افراط زر میں اضافے کے مقابلے میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 8واں عبوری ویج بورڈ میں ایڈیٹر یا سپیشل گریڈ کے ویج میں 325فیصد کا اضافہ کر کے 8ہزار 500روپے ، گریڈ 1تا 4تک 306فیصد اضافہ کر کے 6ہزار 500روپے ،گریڈ 5تا 8 تک 355فیصد اضافہ کر کے 5ہزار روپے مقرر کیا ہے،8ویں عبوری ویج بورڈایوارڈکا موازانہ ساتویں ویج بورڈ ایوارڈ سے کریں تو اسوقت ایڈیٹر و سپیشل گریڈ کے لئے ویجز 2ہزار روپے ،گریڈ ایک تا چار 1600روپے ،گریڈ 5تا8 تک 1100روپے تھے ۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مختلف شعبوں کی طرح ہمیں اشتہارات پالیسی بھی ایسی ملی کہ اشتہارت کی ایجنسی جس کا شیئر 15فیصد ہے اس کے نام کا چیک جاری کرنا پڑتا ہے اور اخباری مالکان اپنے 85فیصد شیئر کے لئے اشتہارات ایجنسی کے پیچھے گھومتے نظر آتے ہیں ،اس پالیسی کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عیدالفطر سے قبل اخباری مالکان کو ادائیگیاں کر دی گئیں ،وعدے کے باوجوداکثر اخباری مالکان نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہیں ادا نہیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ 8ویں عبوری ویج بورڈ ایوارڈ پر عمل درآمد کے لئے عمل درآمد کمیٹی بنائی جائے گی جو اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھے گی کہ کس میڈیا ہائوس نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہیں نہیں دیں ،اس میں تمام صحافتی تنظیموں کو نمائندگی دی جائے گی ،اسی طرح صحافیوں کے لئے ٹربیونلز کا دائرہ کار اور تعداد بڑھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کے دائرہ میں میڈیا ورکرز نہیں آتے اس کے لئے مشاورت کا عمل جاری ہے ،کچھ ترامیم بھی کرنا پڑیں تو گریز نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر رواں سال کے بجٹ میں تمام پریس کلبز اور نیوز ایجنسز کی بند کی ہوئی گرانٹ بحال کر دی گئی ہے ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ویج بورڈ ایوارڈ میں الیکٹرانک میڈیا کو بھی شامل کرنے کے لئے میڈیا سے متعلق قوانین میں ترامیم یا نئی قانون سازی کے لئے تیار ہیں ،میڈیا حکومت کی طاقت ہے اور حکومت میڈیا کومکمل تعاون فراہم کریگی۔

8ویں ویج بورڈکے چیئرمین جسٹس حسنات نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد 8ویں عبوری ویج بورڈ کا اعلان کر رہے ہیں، مستقل ویج بورڈ کا اعلان چار سٹیشنوں پر اجر اور اجیر کی ان پٹ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا ۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود نے کہا کہ8ویں عبوری ویج بورڈ پر عمل درآمد کے لئے ٹربیونلز کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ ویج بورڈ میں پرنٹ میڈیا کے ساتھ الیکٹرانک میڈیا کو بھی شامل کیا جائے ،وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مشکور ہیں جن کے دور میں دوسرے ویج بورڈ کا اعلان ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 8ویں عبوری ویج بورڈ کو اشتہارات کے ساتھ مشروط کیا جائے اور ملک بھر میں آئی ٹی این ای ٹربیونلز قائم کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی طویل جدوجہد کے بعد آج اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ عبوری ویج بورڈ ائیر کنڈیشنڈ کمروں کی بجائے چیئرمین ویج بورڈ نے ملک بھر میں جا کر صحافیوں اور مالکان کی ان پٹ لینے کے بعد عبوری ویج بورڈ کا اعلان کیا گیا ہے ۔

صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے کہا کہ میڈیا میں انٹرن شپ پر آنے والوں کو بھی ملازم تصور کر کے انھیں اس مدت کی تنخواہ ادا کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے جو مسائل 19سے 20سالوں کے دوران حل نہیں ہوئے وہ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چند دنوں میں حل کرادیئے ہیں ،مستقبل میں بھی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ایسی خوشخبریاں ملنے والی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج تمام صحافتی تنظیمیں ایک پیج اور سٹیج پر اکٹھی ہیں اور ان کا صرف ایک مقصد ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ان کا حق ملنا چاہیے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات