کراچی ،بورڈ وفاق المدارس العربیہ کے تحت ہزاروں مدارس میں داخلے جاری

بدھ 19 جون 2019 20:00

ؑکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) پاکستان میں مدارس دینیہ کے سب سے بڑے بورڈ وفاق المدارس العربیہ کے تحت ہزاروں مدارس میں داخلے جاری ہیں، گزشتہ سال کی نسبت ان داخلوں میں بہت بڑا اضافہ ہوا ہے، وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینٹر مولانا طلحہ رحمانی نے میڈیا کے نمائندوں سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاق المدارس کے تحت تقریبا بیس ہزار مدارس میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

شوال کے مہینہ میں صرف چند دن میں داخلوں کے مراحل مکمل کر کے نئے تعلیمی سال کا آغاز بھی ہوتا ہے، دینی مدارس میں داخلوں کا اعلان رمضان کے مہینہ میں کردیا جاتا ہے، اور ہر ادارہ اپنی گنجائش کے مطابق معین تعداد میں داخلے کرتے ہیں جبکہ بعض معروف اداروں میں بہت زیادہ رجحان ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے، مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ وفاق المدارس سے منسلک ہزاروں مدارس میں متعین نصاب کے مطابق درس نظامی کے مختلف درجات سمیت فقہ، حدیث، ادب العربی، تجوید، وتفسیر میں اسپیشلائزیشن (تخصصات) اور عصری علوم کیلئے بھی ان اداروں کا رخ کررہے ہیں، جبکہ شارٹ کورس دراسات دینیہ اور تجوید للحفاظ و العلماء اور درجہ تحفیظ کیلئے بھی لاکھوں طلبہ وطالبات دینی مدارس میں داخلوں کے خواہش مند ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وفاق المدارس کے تحت سالانہ امتحان میں درجات کتب ودرجہ تحفیظ میں اٹھارہ ہزار آٹھ سو اٹھاسی (18884) مدارس کے تقریبا پونے چار لاکھ طلبہ و طالبات نے شرکت کی تھی، اس امتحان کے نتائج ریکارڈ ٹائم میں جاری کئے گئے جس کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 83% فیصد تھا، مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ جو طلبہ و طالبات ناکام ہوئے یا بعض منتخب لازمی پرچوں میں کامیاب نہ ہوسکے ان کیلئے ضمنی امتحان کی تاریخ 27 جولائی سے 29 جولائی کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ضمنی امتحان کیلئے داخلوں کی آخری تاریخ چار جولائی 2019ء ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بعض پرچوں پہ نظر ثانی کیلئے بھی وفاق المدارس کا نظام موجود ہے۔ پرچوں پہ نظر ثانی دو مراحل میں کی جاتی ہیں، ایک مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ کیلئے 29 شوال کی تاریخ بھی طے کی گئی ہے۔ مولانا رحمانی نے مزید بتایا کہ نئے مدارس کا وفاق المدارس سے الحاق کیلئے رجسٹریشن بھی شوال سے ربیع الاول تک کی جاتی ہے، اور اس سال بھی سینکڑوں مدارس کی درخواستیں وفاق کو موصول ہوچکی ہیں جو ضابطہ کے مطابق وفاق کے مسئولین نے بھی اس پہ کام شروع کردیا ہے۔

مولانا رحمانی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مدارس کی بہترین تعلیمی و تربیتی خدمات کی وجہ سے ملک و بیرون ملک کے عوام کا مدارس میں داخلوں کے رجحان میں ہونے والا اضافہ یقینا دینی اداروں پہ اعتماد کا مظہر ہے۔ #

متعلقہ عنوان :