Live Updates

اپوزیشن کا قومی معاملات پر منفی رویہ کسی صورت بھی قابل ستائش نہیں : ہمایوں اختر خان

بدھ 19 جون 2019 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا قومی معاملات پر منفی رویہ کسی صورت بھی قابل ستائش نہیں ،حکومت پانچ سال کی مدت پوری ہونے پر کسی کے مطالبے کے بغیر خود کو احتساب کیلئے پیش کریگی ،اب ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں نقب لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مختص فنڈز سو فیصد عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این ای131کی وارڈ نمبر8ڈیفنس میں سوئی گیس پائپ لائن سمیت دیگر منصوبوں کے افتتاح اور وارڈ نمبر 6میں عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے عمائدین ،اہل علاقہ اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہاکہ سابقہ دور میں عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے ذاتی اناء کی تسکین کے منصوبوں پر اربوں ، کھربوں خرچ کر دئیے گئے ،لاہور جیسے شہر میں عوام پینے کے صاف پانی ،صحت اور تعلیم کی سہولیات سے محروم ہیں ۔

پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ سے عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکمرانوںنے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے صحت ، تعلیم اور ترقیاتی بجٹ کی مد میں اربوں روپے مختص کئے لیکن بعد میں اس میں کٹ لگا کر اسے پلوں اور میٹرو منصوبوں پر خرچ کر دیا گیا ، موجودہ حکومت ایسی کسی روایت کو پروا ن نہیں چڑھائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مشکل حالات کے باوجود وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی کامیابی سے خوفزد ہ ہیں اور قومی معاملات پر بھی ’’ میں نہ مانوں ‘‘ کی رٹ او رمنفی رویہ اپنائے ہوئے ہے جو کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں۔ عوام نے سابقہ دور میں کھربوں روپے کے قرضوںں کی پڑتال کیلئے اعلیٰ سطحی اختیاراتی کمیشن کے قیام کو سراہا ہے اوراب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

کئی کئی دہائیاں حکومتیں کرنے والے تحریک انصاف سے دس ماہ بعد ہی جواب طلبی کرنے کی بجائے حوصلہ رکھیں انشا اللہ حکومت اپنی مدت کرنے کے بعد بغیر کسی کے مطالبے کو خود کو احتساب کے لئے پیش کرے گی اور ہم عوام کی عدالت میں سر خرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں کرپشن کے نت نئے طریقے متعارف کرائے گئے اور قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے کے لئے حواریوں سمیت ’’ اوور ٹائم ‘‘ لگایا گیا ۔موجودہ حکومت کرپشن اور چور دروازو ں کو ہمیشہ کیلئے بند کر رہی ہے اور کڑے احتساب کے نظام کی ایسی روایت ڈالی جائے گی کہ کوئی بھی شخص سیاست کے ذریعے کرپشن اور ذاتی مفادات کا سوچ بھی نہیں سکے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات