کراچی ،جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام آل پاکستان میڈیکل کوئز مقابلے کاانعقاد

فائنل میں آغا خان میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیم فاتح قرار ، ڈاوً میڈیکل کالج کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی

بدھ 19 جون 2019 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام آل پاکستان میڈیکل کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا۔ دو روز تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں پاکستان بھر کی طبی جامعات سے تعلق رکھنے والے طلبا نے حصہ لیا۔ مقابلے کے پہلے روز ملک بھر سے 16ٹیموں نے حصہ لیا جس میں سے آغا خان یونیورسٹی،ڈاوً میڈیکل کالج ،جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی ٹیموں نیسیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

دوسرے روز منعقد ہونے والے فائنل میں آغا خان میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیم فاتح قرار پائی جبکہ ڈاوً میڈیکل کالج کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔ کوئزمقابلے میں آغا خان یونیورسٹی کی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ،سول اسپتال برنس سینٹرکے ہیڈ ڈاکٹر احمر اور این آئی بی ڈی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقابلے کے اختتام پر وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے فاتح ٹیموں اور معزز مہمانوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ جے ایس ایم یو میں اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے۔ ایسے مقابلے طلبا کی تعلیم میں دلچسپی میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اس موقع پر شعبہ طب میں منائے جانے والے خصوصی دنوں کی مناسبت سے بھی ایسے کوئز مقابلے منعقد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچھا ڈاکٹر بننا ہی سب کچھ نہیں ہوتا بلکہ ایک اچھا انسان بننا کہیں زیادہ اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلوں کا مقصد ہار جیت یا ٹرافی کا حصول نہیں بلکہ دلوں کو فتح کرنے کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے تاکہ آئندہ زندگی میں کامیابی حاصل ہوسکے۔ آخر میں چیرپرسن اسٹوڈنٹ کونسل ڈاکٹر غزالہ عثمان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔