Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا اداروں کی بالادستی ،آئین کی حکمرانی اور اداروں کو بااختیار بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا،

اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی،گیدڑ بھبکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے، بجٹ نہیں رکے گا، اسے عوامی نمائندے پاس کرینگے، پرامید ہوں کہ اپوزیشن عوام سے اپنا ناطہ نہیں توڑے گی، اپوزیشن غنڈہ گردی سے نہیں آئینی اور پارلیمانی طریقے سے ترامیم لائے حکومت انھیں منظور کرائے گی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 19 جون 2019 23:28

وزیراعظم عمران خان کا اداروں کی بالادستی ،آئین کی حکمرانی اور اداروں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اداروں کی بالادستی ،آئین کی حکمرانی اور اداروں کو بااختیار بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی،گیدڑ بھبکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے، بجٹ نہیں رکے گا، اسے عوامی نمائندے پاس کرینگے، پرامید ہوں کہ اپوزیشن عوام سے اپنا ناطہ نہیں توڑے گی، غنڈہ گردی سے نہیں آئینی اور پارلیمانی طریقے سے اپوزیشن ترامیم لائے حکومت انھیں منظور کرائے گی۔

وہ بدھ کو پی آئی ڈی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ حقیقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بہت سے تجربے کئے ہیں ،اس تجربہ گاہ میں دونوں خاندانوں کو مسترد کر کے عوام نے تیسرے آپشن میں عمران خان کا انتخاب کیا اور مینڈیٹ دیا کہ وہ احتساب کریں اور چوروں ،لٹیروں سے حساب لیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر میں حقائق کو مسخ کیا اور روایتی کھیل کھیلتے ہوئے اپنی سنائی اور دوسروں کو سنے بغیر نکل گئے ، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ ایک جماعت کا پارلیمانی لیڈر ایوان میں بات کریگا تو دوسرا تحمل سے سنے گا اور دوسرا بات کریگا تو پہلا تحمل سے سنے گا، اس کمٹمنٹ کی بھی خلاف ورزی کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی گھنٹے پارلیمنٹ میں کھڑا ہو کر تقریر کرنے بعد یہ تو ثابت ہو گیا کہ شہباز شریف کی کمر کی تکلیف ختم ہوگئی ہے ،ہم انھیں مبارکباد دیتے ہیں کہ وہ مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ذاتی تشہیر کے 45ارب کو الگ رکھیں ،آج پھر انہوں نے پارلیمنٹ کو اپنی ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا ،اپنی ذات سے تقریر شروع کی اور اپنی ذات پر تقریر ختم کر دی ۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام دل رکھ کر اے پی سی میں شامل ہوں کیونکہ وہ عمران خان کو ان کے مشن سے ہٹا نہیں سکتے ،عمران خان کا بیانیہ ہے کہ بجٹ عوام کے حقوق کا محافظ، قومی سلامتی ،دفاع اور چاروں اکائیوں کے حقوق کا ضامن ہے، این ایف سی سے ہی صوبوں کا حصہ منتقل ہوتا ہے ،جب این ایف سی کی تقسیم کی باری آئے گی سب دیکھیں گے، حکومت کسی بھی گیڈر بھبکیوں سے گھبرانے والی نہیں ہے ،عوامی نمائندوں سے بجٹ پاس کرائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اپوزیشن عوام سے ناطہ نہیں توڑے گی ،اپوزیشن کی جانب سے آنے والی ایسی مثبت تجاویز جن کا تعلق عوام کے ریلیف سے ہوگا انھیں منظورکرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنی مشکل پیدا کریگی وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم اس میں بہتر پرفارم کریگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات