پاک بحریہ کے دو کموڈورز کی رئیر ایڈمرل کے رینک پر ترقی

پاک بحریہ کے کموڈور محمد سعید اور کموڈور عبدالصمد کو ریئر ایڈمرل کے رینک پر ترقی دے دی گئی ہے

بدھ 19 جون 2019 20:05

پاک بحریہ کے دو کموڈورز کی رئیر ایڈمرل کے رینک پر ترقی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) پاک بحریہ کے کموڈور محمد سعید اور کموڈور عبدالصمد کو ریئر ایڈمرل کے رینک پر ترقی دے دی گئی ہے۔
ریئر ایڈمرل محمد سعید نے 1988 میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی۔ آپ پاکستان نیوی وار کالج لاہو ر اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور برطانیہ اور فرانس سے پیشہ ورانہ کورسز کر چکے ہیں۔

ریئر ایڈمرل محمد سعید کو اپنے شاندار کر ئیر کے دوران مختلف کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ آپ کی نمایاں تقرریوں میں مینجر سب میرین کنسٹرکشن ، میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس میں جنرل مینجر (پلیٹ فارم ڈیزائن) اور ڈپٹی چیف مینجر (ٹیکنیکل) اورپاکستان نیوی ڈاکیارڈمیں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سب میرینز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فی الوقت، آپ کراچی میں ڈائریکٹر جنرل نیول ریسرچ اور ڈویلیپمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور مینجنگ ڈائریکٹر پلیٹ فارم ڈیزائن ہاؤس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

آپ کی غیر معمولی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں ستارہِ امتیاز( ملٹری) سے نوازا جا چکاہے۔

رئیر ایڈمرل عبدالصمد نے 1990 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں شمولیت اختیار کی۔ آپ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آبادکے گریجویٹ ہیں اور جرمنی سے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

ریئر ایڈمرل عبدالصمد کو اپنے شاندار کر ئیر کے دوران مختلف کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ آپ کی نمایاں کمانڈتقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پاکستان نیوی سب میرین، ڈائریکٹر سب میرین ٹریننگ سنٹر اور کمانڈر سب میرین سکاڈرن شامل ہیں۔ آپ کی نمایاں سٹاف تقرریوں میں کمانڈر پاکستان فلیٹ کے فلیٹ سب میرین آفیسر، نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آبادمیں اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف اور ڈپٹی چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔

ریئر ایڈمرل عبدالصمد جرمنی کے شہر برلن میں نیو ل اور ایئر اتاشی بھی رہ چکے ہیں۔ فی الوقت، آپ نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آبادمیں ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلیوویشن) کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔آپ کی غیر معمولی پیشہ وارانہ خدمات کے اعتراف میں ستارہِ امتیاز( ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔