صوبائی وزیر بلدیات نے صوابی میں یو سی کالو خان کو گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کردیا

بدھ 19 جون 2019 23:46

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے صوابی میں یونین کونسل کالو خان کو سوئی گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سینیٹر لیاقت خان ترکئی، ایم این اے عثمان خان ترکئی اور ایم پی اے محمد علی ترکئی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ محکمہ گیس کے حکام اور عام شہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گیس فراہمی سے کالو خان کے سینکڑوں گھر مستفید ہوں گے۔ شہرام خان ترکئی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ یہاں کے لوگ اس بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں اور ان کی مشکلات میں کمی آئے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے ٹیکنیکل کالج صوابی کا بھی دورہ کیا اور کالج کی نوتعمیر شدہ عمارت اور وہاں طلباء کو مہیا کی گئی مشینری اور دیگر آلات کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کالج کے پرنسپل بھی موجود تھے۔ بعد ازاں شہرام خان ترکئی سینیٹر لیاقت خان ترکئی، ایم این اے عثمان خان ترکئی اور ایم پی اے محمد علی ترکئی کے ہمراہ آر ایچ سی شیوہ کا بھی دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نیاز خان نے انہیں ہسپتال میں مریضوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات، نئی مشینری اور آلات، عملے کی دستیابی اور اسے مزید فعال بنانے کے لیے مستقبل کے منصوبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ڈی ایچ او اور ہسپتال کے عملے کی تعریف کی اور ان کے کام کو سراہا۔