انڈونیشیا کے قونصل جنرل نے سندھ یونیورسٹی کو ادب، ثقافت، سیاحت و تھذیب پر لکھی کتاب کا تحفہ پیش کیا

بدھ 19 جون 2019 23:48

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) انڈونیشیا کے کراچی میں قونصل جنرل ٹوٹوک پریانامٹو نے سندھ یونیورسٹی کے ایریا اسٹڈی سینٹر فار ایسٹ اینڈ سائوتھ ایسٹ ایشیا کو اپنے ملک کے ادب، ثقافت، سیاحت و تھذیب پر لکھی ہوئی منفرد کتب کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت اور ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر بھی موجود تھے تقریب میں ایریا اسٹڈی سینٹر میں انڈونیشیا ریسرچ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا۔

شیخ الجامعہ اور قونصل جنرل نے ستمبر 2019ء میں پاکستان و انڈونیشیا کے تعلقات اور دونوں ممالک کی عوام کیلئے اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا کراچی میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل ٹوٹوک پریانامٹو نے جامعہ سندھ کے ایریا اسٹڈی سینٹر کا دورہ کیا، جبکہ ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی موجودگی میں انڈونیشیا کی ثقافت، سیاحت، تہذیب اور وہاں موجود جامعات اور اعلیٰ تعلیمی مواقع پر مشتمل کتابوں کا تحفہ ایریا اسٹڈی سینٹکی لائبریری کو فراہم کیا تقریب سینٹر کے آسیان سیمینار ہال میں ایریا اسٹڈی کے زیر اہتمام انڈونیشین قونصلیٹ کے تعاون سے منعقد کی گئی۔

(جاری ہے)

تقریب کو صدارتی خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیاں خوشگوار تعلقات ہیں، جن کو مزید فروغ دلانے کیلئے عوامی روابطوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے اور وہاں اعلی تعلیم و تحقیق کے بھی بڑے مواقع موجود ہیں، جن سے پاکستانی خاص طور سندھ کی جامعات میں زیر تعلیم نوجوان طلباء کو مواقع فراہم کیے جائینگے۔

تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کراچی میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل ٹوٹوک پریانامٹو نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء کیلئے انڈونیشیا کی جامعات میں تعلیمی مواقع پیدا کیے جائینگے، جس کیلئے گڈجا مدر یونیورسٹی، محمدیہ یونیورسٹی آف یوجیاکارتا اور ایئرلنگا یونیورسٹی جیسی بہترین رینکنگ رکھنے والی جامعات سے بات کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ مذکورہ یونیورسٹیز سندھ کی عظیم مادر علمی جامعہ سندھ کے ساتھ ملکر کام کرنے پر خوشی کا رضامندی دکھائی ہے انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹاپ کلاس یونیورسٹیز کے سربراہان جامعہ سندھ سے تعلیمی تعلقات کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے سے قبل عملی سرگرمیاں کرنا چاہتے ہیں، جس کیلئے ستمبر میں عالمی کانفرنس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ان کے دورے کا مقصد ایریا اسٹڈی سینٹر کے لائبریری کیلئے انڈونیشیا کے ادب، ثقافت اور تہذیب پر لکھی کتابیں پیش کرنی ہیں اور یہاں پر انڈونیشین کارنر کا قیام عمل میں لایا جا سکے تاکہ جامعہ سندھ کے طلباء انڈونیشیا، اس کے عوام، کلچر و تہذیب کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں انہوں نے کہا کہ مذکورہ منفرد کتابیں جامعہ سندھ کے محقق طلباء کو ریفرنس کے طور پر کام آئینگی انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ کتابیں سندھ یونیورسٹی کے محققوں میں انڈونیشیا سے متعلق دلچسپی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرینگی تقریب کو ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی پروفیسر ڈاکٹر غلام اکبر مہیسر نے بھی خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ڈاکٹر مکیش کمار نے سرانجام دیے، انہیں انڈونیشیا ریسرچ ڈیسک کے فوکل پرسن بھی تعینات کیا گیا ہے تقریب میں ڈاکٹر سرفرا ز حسین سولنگی، ڈاکٹر منیرالدین سومرو، ڈاکٹر شہاب الدین میمن، ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر، ڈاکٹر راجا نیاز بھٹو، ڈاکٹر نائمہ تبسم و دیگر نے بھی شرکت کی۔