جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان

اگلے ماہ سے پاکستان کو سعودی عرب سے ادھار تیل کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا، اسی باعث ڈالر کی قیمت میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے

muhammad ali محمد علی بدھ 19 جون 2019 21:36

جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19جون2019ء) جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان، اگلے ماہ سے پاکستان کو سعودی عرب سے ادھار تیل کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا، اسی باعث ڈالر کی قیمت میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اگلے ماہ جولائی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد محمد سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 9 ارب ڈالرز کے ادھار تیل کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا تھا۔ پاکستان کو 9 ارب ڈالرز کے ادھار تیل کی فراہمی کے معاملات کو گزشتہ ماہ حتمی شکل دے دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

 معاہدے کے تحت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ادھار تیل کی فراہمی کا آغاز اگلے ماہ جولائی سے کیا جائے گا۔ پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے 3 سال کے عرصے کیلئے 9 ارب ڈالرز کا ادھار تیل فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کو سالانہ 3 ارب ڈالرز جبکہ 3 سال کے عرصے کیلئے کل 9 ارب ڈالرز کا تیل ادھار پر فراہم کیا جائے گا۔ یوں اس باعث پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ بہت حد تک کم ہو جائے گا۔

جبکہ ڈالر کی طلب میں بھی کمی آئے گی جو اس کی قیمت میں کمی کا باعث بھی بنے گی۔ اسی باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو جائے گا۔ سعودی عرب سے ادھار تیل ملنے پر حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف دینے کی پوزیشن میں ہوگی۔ تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ امکان ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان کر دیا جائے گا۔ جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کی صورت میں مہنگائی کی شرح میں بھی کمی ہونے کا امکان پیدا ہو جائے گا۔