جے ایف 17 تھنڈر نے پیرس ائیر شو میں دھوم مچا دی، خریداری کیلئے کئی ممالک کی جانب سے دلچسپی کا اظہار

پاکستان اور چین کی جانب سے تیار کردہ کم قیمت مگر جدید جنگی طیارے کو خریدنے کیلئے کئی ممالک کا پاکستان سے رابطہ

muhammad ali محمد علی بدھ 19 جون 2019 22:12

جے ایف 17 تھنڈر نے پیرس ائیر شو میں دھوم مچا دی، خریداری کیلئے کئی ممالک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) جے ایف 17 تھنڈر نے پیرس ائیر شو میں دھوم مچا دی، خریداری کیلئے کئی ممالک کی جانب سے دلچسپی کا اظہار، پاکستان اور چین کی جانب سے تیار کردہ کم قیمت مگر جدید جنگی طیارے کو خریدنے کیلئے کئی ممالک کا پاکستان سے رابطہ۔ تفصیلات کے مطابق پیرس میں ہونے والے ائیر شو کے دوران پاکستان اور چین کی جانب سے تیار کردہ کم قیمت مگر جدید جنگی طیارے جے ایف 17 تھنڈر نے خوب دھوم مچائی ہے۔

ائیر شو کے دوران کئی ممالک کے دفاعی ماہرین نے پاکستان اور چین کی جانب سے کم قیمت مگر جدید جنگی طیارہ بنانے پر حیرت کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق کئی ممالک نے جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری کیلئے پاکستان سے رابطہ بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے ابھی معاملات طے کیے جانا باقی ہے۔

پہلے ہی نائیجیریا اور میانمار پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کا معاہدہ کر چکے ہیں۔ جبکہ ملائیشیا، مصر اور دیگر کچھ ممالک بھی جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی خریداری کیلئے جلد معاہدہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی مانگ میں اس وقت سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جب پاکستان نے بھارت کے جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیاروں کی فروخت سے پاکستان کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ جبکہ پاکستان کی دفاعی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ بھی ملے گا۔ واضح رہے کہ لا برجے، پیرس میں ہونے والے سات روزہ 53ویں بین الاقوامی ایئر شو میں پاکستان ایئر فور س کے لڑاکا طیارے جے ایف سترہ تھنڈر نے اپنی کارکردگی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

اس تقریب میں معین الحق سفیر پاکستان اور پاکستانی مسلح افواج کے وفد کے اعلی اراکین نے شرکت کی۔ پاکستان ایئر فورس کے وفد کی قیادت ایئر مارشل احمر شہزاد حلال امتیاز (ملٹری)، چیئرمین پی اے سی بورڈ کامرہ اور ایئر وائس مارشل محمد مغیث افضل ستارہ امتیاز (ملٹری)، ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی پاکستان ایئر فورس کر رہے ہیں۔نمعین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے پاکستان ایئر فورس اور پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کے اعلی سطحی وفد کی اس بین الاقوامی ایئر شو میں بہترین اور شاندار انداز میں نمائندگی کرنے پر ان کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اس بین الاقوامی ایئر شو میں پاکستان ایئر فورس کی شرکت اور عمدہ پیشہ ورانہ کارکردگی کے مظاہرے کے علاوہ 80 سے زائد آئے ہوئے ممالک کے ہم منصبوں سے بات چیت کرنے کے مواقع ملا اور دنیا بھر کے دفاعی سازو سامان کی خرید و فروخت کرنے والے اداروں کے ساتھ اپنا دائرہ کار بڑھانے کا بھی موقع ملا۔اس ایئر شو میں پاکستان ایئر فورس نے جے ایف سترہ تھنڈر لڑاکا طیارے فضائی مظاہروں اور نمائش کیلئے پیش کیئے جبکہ پاکستان نیوی کا ایک اے ٹی آر نایئر کرافٹ بھی حصہ لے رہا ہے۔

جے ایف سترہ تھنڈر اس بین الاقوامی ایئر شو میں روزانہ کی بنیاد پر اپنی بہترین اور اعلی صلاحیتوں کے ساتھ اپنی اڑان جاری رکھے گا۔اس بین الاقوامی ایئر شو میں صرف پاکستان اور فرانس کے لڑاکا طیارے فضائی مہارت پیش کر رہے ہیں۔