بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے سندھ بھر کے خصوصی افراد کے لیے سرکاری اور نجی اداروں میں ملازمت کا بندوست کیا جائے،سید قاسم نوید قمر

بدھ 19 جون 2019 23:51

بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے سندھ بھر کے خصوصی افراد کے لیے سرکاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایت ہے کہ سندھ بھر کے خصوصی افراد کے لیے سرکاری اور نجی اداروں میں ملازمت کا بندوست کیا جائے تاکہ وہ باعزت زندگی گزارنے کے قابل ہو سکیں اور دوسروں پر ان کا انحصار کم سے کم ہو۔

یہ بات انہوں نے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر سیون ڈی میں رکشہ ڈرائیور محمد ارسلان کی رہائش پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ واضح رہے کہ محمد ارسلان چھ سال قبل ایک حادثے میں ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ کے باعث چلنے پھرنے سے معذور ہو گئے تھے۔ اس موقع پر محکمہ بحالی خصوصی افراد کے ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے محمد ارسلان کو یقین دلایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ان کا علاج ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں کروایا جائے گا اور ان کی کوشش ہوگی کہ انہیں کسی سرکاری یا نجی ادارے میں ان کی قابلیت کے مطابق نوکری کا بندوست کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے محمد ارسلان کی ہمت کی تعریف کی کہ وہ معذوری کے باوجود رکشہ چلا کر اپنے گھر والوں کے لئے روزی کماتے ہیں اور وہ دوسروں کے لئے ایک مثال ہیں کہ اگر ہمت سے کام لیا جائے تو سب ممکن ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ حکومت سندھ اور خاص کر ان کا محکمہ خصوصی افراد کے لیے ملازمتوں میں مختص کردہ 5 فیصد کوٹے پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سرکاری و نجی ادارے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز خصوصی افراد کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے اور ان کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔#