رجب طیب اردوان نے سابق مصری صدر محمد مرسی کی موت کو قتل قرار دے دیا

صدر مرسی عدالت میں 20 منٹ تک زندگی وموت کی کشمکش میں رہے لیکن مصری حکام نے محمد مرسی کی جان بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا:ترک صدر کا مصر ی حکومت کے خلاف عالمی عدالت سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 19 جون 2019 22:44

رجب طیب اردوان نے سابق مصری صدر محمد مرسی کی موت کو قتل قرار دے دیا
استنبول (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19جون2019) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے سابق مصری صدر محمد مرسی کی موت کو قتل قرار دے دیا ہے۔ استنبول کے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ صدر مرسی عدالت میں 20 منٹ تک زندگی وموت کی کشمکش میں رہے لیکن مصری حکام نے محمد مرسی کی جان بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ترک صدر نے کہا کہ وہاں عدالت میں موجود حکام اس صورتحال کے سامنے ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے رہے اور مرسی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہم اس معاملے کا تعاقب جاری رکھیں گے اور عالمی عدالت میں مصری حکومت کے خلاف کارروائی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسلامی تعاون تنظیم سے اس چیز کا مطالبہ کرتے ہیں کہ تنظیم کو اس حوالے سے لازمی قدم اٹھانا ہو گا۔

(جاری ہے)

ناہوں نے مزید کہا کہ رواں ماہ جاپان میں ہونیوالی جی 20 کانفرنس کے دوران بھی مرحوم محمد مرسی کے معاملے کو اٹھائیں گے اور وہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے جو ہو سکا کریں گے۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ وہ مصر کے خلاف عالمی عدالتوں میں کاروائی کرانے کے لیے لازمی اقدامات کریں گے۔ یاد رہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی قطر کے لئے جاسوسی کے الزام میں مقدمے کا سامنے کررہے تھے اور کیس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں انکا انتقال ہو گیا تھا۔ محمد مرسی 30جون 2012 سے 3 جولائی 2013 تک مصر کے صدر رہے لیکن پھرفوج نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نےبھی مصر کے سابق صدرڈاکٹر محمد مرسی کی عدالت میں سماعت کے دوران ہونے والی موت کی فوری اور مکمل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیاہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابقاقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے معاملات کے ہائی کمشنر کے ترجمان روپرٹ ولیولے کے حوالہ سے کہا کہ حراست میں کسی بھی حادثاتی موت کے بعد ایک خود مختار ادارہ کی جانب سے موت کی وجوہات کو واضح کرنے کے لئے فوری طور پر منصفانہ اور مکمل طور پر شفاف جانچ ہونی چاہئے۔

انہوں نے ڈاکٹر محمد مرسی کی حراست کی شرائط کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا جس میں ناکافی طبی دیکھ بھال تک رسائی شامل ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہسابق صدر مرسی کی سیاسی جماعت اخوان المسلمین کے سیاسی بازو دی فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے محمد مرسی کی موت کو قتل قرار دیدیا ہے۔