اسحاق ڈار کی برطانوی وزارت داخلہ آمد، کئی گھنٹے موجود رہے

صاحبزادے علی ڈار کی اسحاق ڈار کی وزارت داخلہ کے پاس جانے کی تصدیق

بدھ 19 جون 2019 23:55

اسحاق ڈار کی برطانوی وزارت داخلہ آمد، کئی گھنٹے موجود رہے
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار برطانیہ کے وزارت داخلہ میں کئی گھنٹے موجود رہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما اسحاق ڈار وزارت داخلہ کے کروڈن کی عمارت میں انٹرویو کے لیے صبح 9 بجے پہنچے تھے جو کئی گھنٹے تک وہیں موجود رہے۔اسحاق دار کے صاحبزادے علی ڈار نے اسحاق ڈار کی وزارت داخلہ کے پاس جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں میڈیا ٹرائل کی وجہ سے وہاں گئے۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار اکتوبر 2018 میں بھی وزارت داخلہ لندن میں دیکھے گئے تھے جہاں انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ تصویر بھی بنوائی تھی تاہم اسحاق ڈار کے خاندانی ذرائع نے اٴْن کے سیاسی پناہ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے اسٹیٹ لیس ہونے کے بارے میں آگاہ کرنے گئے تھے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ برطانیہ نے اسحاق ڈار کو پاکستان کے حوالے کرنا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے ایم او یو پر دستخط کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیر سماعت ہے اور وہ پاناما کیس کے فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا تھا اور وہ بغیر پاسپورٹ کے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔