گوجرانوالہ، 43 کلو میٹر طویل گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کو دو رویہ بنانے کا منصوبہ اہم سنگ میل ثابت ہو گا، کمشنر

بدھ 19 جون 2019 23:25

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) کمشنر گوجر انوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے کہا ہے کہ 1385.940 ملین کی لاگت سے 43 کلو میٹر طویل گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کو دو رویہ بنانے کا منصوبہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی او رموٹر وے تک رسائی کے حوالہ سے اہم سنگ میل ثابت ہو گا اور اس منصوبے کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایت ہے کہ اس منصوبے پر جلد از جلد تر قیاتی کام شروع کیا جائے تاکہ ایک سال کی مقررہ مدت کے اندر اس سڑک کو مکمل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں ، بالخصو ص ریونیو ڈپارٹمنٹ اور ہائی وے ڈپارٹمنٹ کافرض ہے کہ و ہ اس عوامی فلاحی منصوبے پر تر قیاتی سر گرمیوں کے آغاز کی راہ میں حائل محکمانہ اور انتظامی رکاوٹوں کو دور کریں جبکہ واپڈا ، سو ئی گیس اور دیگر ادارے بھی مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر اپنی ذمہ د اریوں کی ادائیگی کو ممکن بنانے کیلئے تمام افرادی وسائل برو ئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت مزید تاخیر برداشت نہیں کریں گے اور منصوبے پر کام کے جلد آغاز کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہو ں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر ، اے ڈی سی ریونیو کنول بتول نقوی، ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ چودھری محمد اصغر، ایس ای ہائی ویز چودھری محمد ریاض اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہو ئے ،کمشنر نے اجلاس کے شرکاء پر واضح کیا ہے کہ حکومت پنجاب اس منصوبے کوبڑی اہمیت دے رہی ہے اور اعلی ترین صوبائی سطح پر منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد اس میں مزید تاخیر متعلقہ افسران کے حق میں بہتر نہیں ہو گی۔

انہو ں نے ہدایت کی کہ 1952 اور 1953کے جاری کردہ لینڈ ایکو زیشن نوٹیفیکیشن کی روشنی میں ریونیو اور ہائی وے ڈپارٹمنٹ اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہو ئے جہاں پر ضروری ہو وہاں ریونیو اور محکمانہ ریکارڈ کو درست کرے تاکہ رائٹ آف وے کو 100فی صد کلیئر قرار دے کر پی پی پی موڑکے تحت اس منصوبے پر کام کا آغاز ممکن بنایا جا سکی- اجلاس میں موجود ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کنول بتول نقوی اوردیگر افسران نے اب تک کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تمام محکموں کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں - اے ڈی سی ریونیو نے اس عزم کا بھی اظہار کیاکہ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران قومی اہمیت کے حامل اس اہم منصوبے پر جلد از جلد ترقیاتی کام شروع کئے جانے کو یقینی بنانے کیلئے اپنے فرائض خلوص نیت اورذمہ داری سے ادا کریں گے۔