ضلعی انتظامیہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے بہترین حکمت عملی پر گامزن ہے، اے ڈی سی(ریونیو) رحیم یارخان

بدھ 19 جون 2019 23:25

رحیم یارخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے بہترین حکمت عملی پر گامزن ہے تاہم عوام الناس کا اس سلسلہ میں تعاون اور کردار بے حد ضروری ہے جس کے لئے تمام تعاون کرنے والے ادارے سیمینارز، واک سمیت دیگر آگہی ذرائع کا استعمال جاری رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں اسسٹنٹ کمشنرز فاروق قمر، چوہدری اعتزازانجم، کاشف ڈوگر، آصف اقبال، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان، ڈاکٹر اسامہ منیر پنسوتہ، محمد یوسف، سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر، زراعت، لائیوس سٹاک، لوکل گورنمنٹ اور دیگر تعاون کرنے والے اداروںکے سربراہان موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) نے کہا کہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،ڈینگی خطرناک لیکن قابل علاج مرض بیماری ہے اس کا بہترین علاج محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر کو کلین اینڈ گرین بنانے کے ساتھ ساتھ دفاتر، سرکاری ونجی رہائشی کالونیاں، ہسپتالوں کو صاف ستھرا رکھیں اور زیادہ سے زیادہ عوام میں آگہی پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ سرویلینس ٹیمیں تمام ایسے ممکنہ مقامات کا وزٹ جاری رکھیں جہاں پر ڈینگی لاروا کی افزائش ممکن ہو سکے۔