صوبے کا تاریخی بجٹ پیش کیاہے، کوئی نیاٹیکس نہیں لگایا گیا، تیمورسلیم جھگڑا

جمعرات 20 جون 2019 00:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑانے کہاہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ایک تاریخی بجٹ پیش کیا ہے وفاق کے مقابلے میں وزراء کی تنخواہوں میں مزید کمی کی گئی ہے کم گریڈ والے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔وہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پرصوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا نے کہاکہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی پر بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے صحت انصاف کارڈ کی صوبہ بھر میں تقسیم نمایاں کامیابی ہے صوبے کے مسائل بہت زیادہ ہیں اپوزیشن بجٹ تقریرسنتے تو زیادہ بہترہوتا ہمارے صوبے کی روایات کچھ اور ہیں اپوزیشن کل کس چیز پر بات کرینگے نہ کچھ سنا ہے بلکہ انکے پاس تو بجٹ کتاب بھی نہیں ہم کوشش کرینگے کہ بجٹ کی کاپی کو تمام مقامی زبانوں میں ترجمہ کیا جائے انہوں نے کہاکہ بجٹ میں کسی قسم کانیا ٹیکس نہیں لگایا گیاپروفیشنل فیس میں اضافہ ہوا ہے، انکم ٹیکس صوبے کا سبجیکٹ ہی نہیں،اضافہ کیسے۔

(جاری ہے)

ہم نے تھرو فاروڈ کم کیا ہے ہمارے پاس نئے منصوبوں کیلئے گنجائش پیدا ہوگئی ہے سروسز ٹیکسز میں کمی کی گئی ہے ٹیکس کلچر کو فروغ دینے میں کوئی قباحت نہیں ہے ماضی میں ٹیکس کی وصولی پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ سیلری بجٹ پچھلے سال کی نسبت ایک روپے بھی زیادہ نہیں 95 ارب کی بچت درحقیقت ایک نئے دور کا آغاز ہے کل متوقع آمدن 900 ارب جبکہ اخراجات کا تخمینہ 855 ارب روپے ہے موجودہ بجٹ 45 ارب روپے فاضل ہے گزشتہ سال کے محصولات کا تخمینہ 648 ارب روپے تھا حالیہ بجٹ گزشتہ سال کے تخمینے سے 39 فیصد زائد ہے 855 ارب میں 693 ارب بندوبستی جبکہ 162 ضم شدہ اضلاع کے لئے مختص کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ319 ارب کے ترقیاتی بجٹ میں سے 236 بندوبستی اور 83 ارب ضم شدہ اضلاع کے لئے مختص ہے محصولات میں 533 ارب روپے مرکزی حکومت سے موصول ہونگے 453 ارب وفاقی ٹیکسز اور 25.6 ارب تیل و گیس کی رائلٹی میں ملیں گی55.7 ارب روپے بجلی کے خالص منافع کی مد میں ملیں گے 53.4 ارب روپے صوبائی ٹیکسز و نان ٹیکسز سے وصول ہونگی82 ارب روپے مختلف پراجیکٹس کی مد میں ملیں گی24.7 ارب کی دیگر محصولات ہیںانہوں نے کہاکہ صحت انصاف کارڈ کو شناختی کارڈ سے جوڑ رہے ہیں کیونکہ صحت انصاف کارڈ پر ہر پاکستانی کا حق ہے میں یہ نہیں کہتا سب ٹھیک ہے ابھی بھی بہت کام کرنا ہے پنجاب میں بہت کام ہو رہا ہوگا لیکن ہم نے زبردست بجٹ دیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا نے کہاکہ موجودہ بجٹ میںبی آرٹی پراجیکٹ کیلئے کوئی رقم نہیں رکھی گئی ہے۔