Live Updates

حالیہ بجٹ ملکی تاریخ میں بدترین اور ناکام ترین بجٹ ہے

بجٹ کے خلاف احتجاج ہوگا، منظور نہیں ہونے دیں گے،سراج الحق

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 20 جون 2019 06:22

حالیہ بجٹ ملکی تاریخ میں بدترین اور ناکام ترین بجٹ ہے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2019ء)   اگرچہ وزیراعظم عمران خان صاحب اپنی حکومت کے پیش کیے جانے والے پہلے بجٹ سے مطمئن ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے اپنی کابینہ کو بھی بے فکر ہو جانے کا کہہ دیا ہے کہ انہیں پریشان ہونے یا اپوزیشن کی طرف سے بلیک میل ہونے کی ضرورت نہیں ہے وہ بجٹ پاس کرانے کا فارمولا جانتے ہیں۔مگر اپوزیشن ہے کہ ماننے کو ہی نہیں آ رہی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف صاحب کو تین دن جب پارلیمنٹ میں تقریر نہ کرنے دی گئی تو اسپیکر اسد قیصر کی معاونت سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاہدہ ہوا جس کے نتیجے میں گزشتہ روز شہباز شریف نے قریباً ڈھائی گھنٹے تقریر کی۔مگر اس تقریر میں بھی انہوں نے حکومت کے خوب لتے لیے اور بجٹ کو مسترد کیا۔نہ صرف ن لیگ بلکہ پیپلز پارٹی کے علاوہ جماعت اسلامی بھی بجٹ کو عوام دشمن قرار دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

ایوان میں تو پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں نے بجٹ نامنظور کے نعرے لگائے ۔تاہم جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کا کہنا ہے کہ حالیہ بجٹ ملکی تاریخ میں بدترین اور ناکام ترین بجٹ ہے۔ چوکوں، چوراہوں اور ایوان میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خلاف احتجاج ہوگا اور اسے کسی صورت منظور نہیں ہونے دیں گے۔اسلام آبادمیں بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر سراج الحق نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے معاشی استحکام بہت ضروری ہے۔

حکومتی ٹیم نے بھی قوم کو قرضوں کے شیطانی شکنجے میں جکڑا ہے۔ بائیس کروڑ عوام کی قسمت کا فیصلہ دو تین غیر منتخب افراد کر رہے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ اینِٹ کا جواب پتھر سے دیں جو شرم کی بات ہے۔ حکومت سمجھتی ہے کہ ان کا کام صرف امن قائم کرنا ہے اور مالیات کی ذمہ داری آئی ایم ایف، تعلیم کی ذمہ داری ڈی ایف ڈی آئی اور صحت ڈبلیو ایچ او کی ذمہ داری ہے۔انھوںنے کہا کہ حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ اپنے وہ اپنے اندر برداشت پیدا کرے۔ کمزور معاشی ٹیم کی وجہ سے سارا معاشی نظام وینٹی لیٹر پر ہے۔لہٰذا ہم ایسے عوام دشمن بجٹ کو کبھی منظور نہیں ہونے دیں گے اور اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات