ایران کا امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

امریکی جاسوس ڈرون کو صوبے ہرمزگان کی حدود میں نشانہ بنایا. ایرانی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 جون 2019 11:15

ایران کا امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون۔2019ء) ایران نے امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدران انقلاب نے ایک جاسوس امریکی ڈرون کوایرانی صوبے ہرمزگان کی حدود میں نشانہ بنایاہے امریکی ڈرون کا ماڈل آر کیو4گلوبل ہاک تھا. امریکی فوج نے فوری رد عمل دینے سے گریز کیا ہے‘یاد رہے کہ خلیج عمان میں 2آئل ٹینکرز پر حملے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، جبکہ ایران نے امریکی الزام کی تردید کی تھی.

(جاری ہے)

امریکا نے ایران پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ خلیج عمان میں آئل ٹینکرزحملے میں ایران ملوث ہے‘امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ یہ اندازہ انٹیلی جنس مہارت اور استعمال شدہ ہتھیاروں کی بنا پر لگایا گیا ہے. ایرانی وزیرخارجہ جواز ظریف نے حملے کوامریکا ایران تناﺅ کم کرنے کی کوششوں کوسبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا جبکہ اقوام متحدہ، جرمنی ،سعودی عرب ،جاپان سمیت دیگر ممالک نے حملے کی مذمت کی تھی.

امریکی وزارت دفاع پینٹاگان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مزید ایک ہزار فوجیوں کی تعیناتی میں پیٹریاٹ میزائل بریگیڈ،حملہ آور ڈرون طیارے اور جاسوس ڈرون طیارے بھی شامل ہیں. پینٹا گان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا مگر ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چھیڑنا چاہتے مگر امریکی انتظامیہ ایران کی خطے میں اپنی معاندانہ اور جارحارنہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے تہران پر دباﺅجاری رکھے گا.

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں‘ اگر ایران نے جارحیت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا. انہوں نے کہاکہ اگرایران نے امریکیوں کا تعاقب، امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے اور اپنے جوہری اسلحہ کے پروگرام پر کام جاری رکھا تو امریکا کو حرکت میں آنا پڑے گا.