موسم برسات میں ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت اور پبلک ہیلتھ سمیت متعلقہ محکمہ جات الرٹ رہیں

ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کے موثر علاج کیلئے ڈاکٹرز، ضروری عملہ اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر

جمعرات 20 جون 2019 11:24

موسم برسات میں ڈینگی کی افزائش کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت اور پبلک ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ضلعی محکمہ صحت اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت تمام متعلقہ محکموں، اداروں اور ہسپتالوں کو الرٹ کرتے ہوئے رواں موسم گرما خصوصاً آئندہ موسم برسات میں ڈینگی مچھر کی افزائش اور ڈینگی بخار کی روک تھام کیلئے مربوط اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ان ہدایات کے تحت ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور بے نظیر ٹیچنگ ہسپتال سمیت حو یلیاں، شیروان اور لورہ کے ہسپتالوں میں ڈینگی سے متا ثرہ افراد کے موثر علاج کیلئے قائم کئے گئے خصوصی وارڈوں میں ڈاکٹروں سمیت تمام ضروری عملہ اور ادویات و دیگر سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے بدھ کو اپنے دفتر میں ڈینگی سے بچائو کے اقدامات کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں متعلقہ انتظامی افسران، محکمہ صحت و پبلک ہیلتھ، ڈینگی ٹیموں کے سپر وائزروں و لیڈی ہیلتھ ورکروں، پولیس، ٹی ایم اے اور سرکاری ہسپتالوں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے اس موقع پر متعلقہ محکموں اور اداروں کو ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کاوشوں سے ضلع ایبٹ آباد میں اس سال ڈینگی بخار کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا تاہم اس موذی مرض سے بچنے کیلئے ضروری اقدامات کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام اور ڈینگی بخار سے بچائو کیلئے طبی افرادی قوت سمیت تمام وسائل استعمال کریں جس کیلئے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے انتظامی افسروں کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈینگی مچھر کی افزائش میں مدد دینے والے پانی کے ذخائر پر بھی کڑی نظررکھیں جن پر پابندی کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ٹی ایم اے کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہر بھر میں ڈینگی مچھروں کو مارنے کیلئے کئے جانے والے مچھر مار سپرے میں بھی اضافہ کرے اور یہ سپرے بلاناغہ کیا جائے۔