320 کلو وزنی نور حسن موٹاپے اور لاچارگی کا شکار کیسے ہوئے؟

اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں نور حسن نے تمام کہانی بیان کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 جون 2019 13:45

320 کلو وزنی نور حسن موٹاپے اور لاچارگی کا شکار کیسے ہوئے؟
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2019ء) : رحیم یار خان کا رہائشی 320 کلو وزنی نور حسن اس وقت لاہور کے شالیمار اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں نور حسن نے اپنے موٹاپے اور لاچارگی کا شکار ہونے کی تمام تر روداد سنا دی۔ نور حسن کا کہنا تھا کہ میں گذشتہ دس سال سے اس موٹاپے کا شکار ہوں لیکن مجھے خود بھی اس کا علم نہیں ہے کہ میں اس موٹاپے کا شکار کیونکر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس موٹاپے کی وجہ سے میں چارپائی پر صرف اُلٹا سو سکتا ہوں سیدھا نہیں سو سکتا۔ نور حسن کا کہنا تھا کہ میں نے ایک میڈیا والے سے کہا کہ میری آواز پہنچائی جائے تاکہ میری کچھ مدد ہو سکے جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تک میری آواز پہنچی اور انہوں نے میری مدد کی جس کی وجہ سے آج میں اسپتال پہنچا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے آرمی چیف سے اپیل اس لیے کی کیونکہ کوئی سیاسی شخص بات نہیں سنتا۔

وہ اپنا موبائل بھی بند کر دیتے ہیں ، انہوں نے کئی مرتبہ میرا نمبر دیکھ کر اپنا فون بند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک غریب آدمی ہوں ، میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میرے لیے ہیلی کاپٹر صادق آباد آئے گا۔ میرے پاس الفاظ بھی نہیں ہیں جن سے میں آرمی چیف کا شکریہ ادا کر سکوں۔ نور حسن نے اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو میں مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:  یاد رہے کہ رحیم یار خان کے رہائشی 320 کلو وزنی نور حسن نامی شخص نے آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر صادق آباد بھیجا گیا۔

دو روز قبل پاک فوج نے رحیم یار خان کے 320 کلو وزنی نور حسن کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور منتقل کیا ۔ نور حسن کو لاہور کے شالیمار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں اور شہرت یافتہ ڈاکٹر معاذ حسن ان کا علاج کررہے ہیں۔