ورلڈ کپ2019ء، آسٹریلیانے بنگلہ دیش کیخلاف ٹاس جیت لیا

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جون 2019 14:09

ورلڈ کپ2019ء، آسٹریلیانے بنگلہ دیش کیخلاف ٹاس جیت لیا
ناٹنگھم (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20جون2019ء) ورلڈ کپ 2019ءکے 26ویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنےکا فیصلہ کیا ہے ۔ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج گراﺅنڈ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں ابتک 5 میچز کھیل چکی ہیں، بنگلادیش کو پانچ میچوں میں سے 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا،ادھر آسٹریلیا نے پانچ میچوں میں سے چار میں فتح اپنے نام کی جب کہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا رہا،ورلڈ کپ میں پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بنگلادیش پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

آج آسٹریلیا کی ٹیم میں چند تبدیلیوں کا امکان ہے، بنگلادیش کیخلاف کھیلے جانےوالے میچ میں مارکس سٹوئنس اور نیتھن کولٹر نائل کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے جب کہ بنگلادیش کی ٹیم میں اب تک کوئی تبدیلی کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ کا بارہواں ایڈیشن انگلینڈ میں شروع ہوچکا ہے، میگا ایونٹ میں ریکارڈ 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن اور میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، ڈیڑھ ماہ جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، میزبان انگلینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیمیں انگلینڈ میں 11 وینیوز پر کھیلیں گی اور انکے درمیان فائنل سمیت48 میچز کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ میں شریک 10 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے کےخلاف ایک ، ایک میچ کھیلیں گی۔ ہر ٹیم پہلے مرحلے میں ایک دوسرے کےخلاف 9 میچز کھیلے گی جسکے بعد 4 بہترین ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائےگا۔

دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لندن میں کھیلا جائےگا۔ میگا ایونٹ انتظامیہ نے سیمی فائنلز اور فائنل میچ میں بارش کے باعث متاثر ہونےوالے میچز کےلئے ریزرو ڈے بھی رکھے ہیں۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائےگا۔