شعیب اختر نے ثانیہ مرزا کو بد قسمت خاتون قرار دےدیا

پاکستانی ٹیم اپنی بد ترین کارکردگی اور غلط فیصلوں کی وجہ سے میچ ہاری ،اس میں ثانیہ کا کیا قصور ہے:سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جون 2019 14:24

شعیب اختر نے ثانیہ مرزا کو بد قسمت خاتون قرار دےدیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20جون2019ء) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھارتی ٹینس سٹارثانیہ مرزا کو بد قسمت خاتون قرار دےدیا۔شعیب اختر کا اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کردہ ایک ویڈیومیں کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں ثانیہ مرزا کی بد قسمتی ہے کہ انہیں بلا وجہ بھارت اور پاکستان کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہتاہے، پہلے انہیں شعیب ملک سے شادی پر دونوں ملکوں میں برا بھلا کہا گیا، اب ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی بھارت سے ہار پر بھی ثانیہ مرزا کےخلاف تنازعہ کھڑا کیا جا رہا ہے اور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شیشہ بار کی ویڈیو کے حوالے سے شعیب اخترنے کہا کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میاں بیوی ہیں ،اگر انہوں نے ہوٹل میں ایک ساتھ کھانا کھا بھی لیا تو کیا ہو گیا اس میں اتنا شور مچانے کیا ضرورت ہے ،پاکستانی ٹیم اپنی بد ترین کارکردگی اور غلط فیصلوں کی وجہ سے میچ ہاری ہے،اس میں ثانیہ کا کیا قصور ہے۔

(جاری ہے)

شعیب اختر کام مزید کہنا تھا کہ ثانیہ اور شعیب ملک 2 مہینوں سے نہیں ملے تھے، اگر وہ اپنے شوہر سے ملنے مانچسٹر آگئی اور ساتھ گھوم پھر لیا تو اس میں کیا برائی ہے،ہمیں شعیب ملک کی خراب کارکردگی پر ان پر تنقید کرنی چاہیئے لیکن انکی فیملی اور بچے کو بیچ میں کیوں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بہت دکھ ہوتا ہے جب بلا وجہ کسی پر تنقید کی جائے ، سوشل میڈیا صارفین دوسروں پر انگلیاں اٹھانا اورہر کسی پر تنقید کرنا صرف اسلئے اپنا حق سمجھتے ہیں کیوں کہ انکے پاس سوشل میڈیا کا اکاﺅنٹ ہے،اگر آپ سوشل میڈیا صارف ہیں تو کیا کچھ بھی لکھ دینا آپکا حق ہے؟۔پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب بڑی ٹیم ہے ،انہوں نے بڑا کھیل پیش کیا ،ان کو جیت کی مبارکبادینی چاہئے، ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہارے ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ2017ءکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو خوب رگڑا تھا اور 20سے 25 ون ڈے بھی جیتے ہوئے ہیں،بد قسمتی سے ورلڈ کپ نہیں جیت پاتے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہماری ٹیم ہی خراب ہے، ہمیں کارکرد گی کو بہتر بنانا ہوگا۔