ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی،پی سی بی میں پہلا استعفا آگیا

سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان کرکٹ کمیٹی سے مستعفی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جون 2019 14:46

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی،پی سی بی میں پہلا استعفا آگیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جون2019ء) ورلڈ کپ2019ءمیں ناقص کاکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں پہلا استعفی آگیا، پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان کمیٹی سے علیحدہ ہوگئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے ترجمان کے مطابق محسن خان نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کے دوران ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنا استعفی پیش کیا ،اس موقع پر محسن خان کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کے شکر گزار ہیں جس نے انہیں اس عہدے پر کام کرنے کا موقع دیا ،وہ مستقبل میں بھی ملکی کرکٹ کی خدمت کے لیے حاضر رہیں گے ۔

احسان مانی نے محسن خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محسن خان ایک قابل انسان ہیں اور ملکی کرکٹ میں اپنی اہمیت رکھتے ہیں۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق کرکٹ کمیٹی کی سربراہی ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کے سپرد کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محسن خان کی سربراہی میں گزشتہ سال اکتوبر میں قائم کی جانے والی کرکٹ کمیٹی میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور عروج ممتاز بھی شامل تھے، ابھی تک یہ کمیٹی غیر فعال نظر آئی ہے، دوسری جانب محسن خان ٹی وی چینلز پر پی سی بی کی غلط پالیسیوں کو ہدف تنقید بناتے نظر آتے ہیں۔