یاد صرف ان ہی کی باقی رہ جاتی ہے جنہوں نے پولیس کی وردی اور اس کی عزت کا پاس رکھا،

فرائض منصبی کے تحت عائد ذمہ داریوں کو غیر جانبدارنہ رہتے ہوئے انجام دیا آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کا فرسٹ جونیئر کمانڈ کورس کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب

جمعرات 20 جون 2019 16:23

یاد صرف ان ہی کی باقی رہ جاتی ہے جنہوں نے پولیس کی وردی اور اس کی عزت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ یاد صرف ان ہی کی باقی رہ جاتی ہے جنہوں نے اس وردی اور اس کی عزت کا پاس رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں عملاً خدمت انسانیت کو اہمیت دی اور فرائض منصبی کے تحت عائد ذمہ داریوں کو غیر جانبدارنہ رہتے ہوئے انجام دیا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو سینٹرل پولیس آفس میں فرسٹ جونیئر کمانڈ کورس کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اینڈ ٹریننگ سندھ، ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ ودیگر سینئر پولیس افسران سمیت جسٹس (ر) حسن فیروز اور جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی نے بھی باالخصوص شرکت کی۔ اس موقع پر مہمانان گرامی میں شامل جسٹس (ر) حسن فیروز اورسرمدجلال عثمانی نے بھی فرسٹ جونیئر کمانڈ کورس کی مناسبت سے اپنے اپنے تفصیلی خطاب میں سیر حاصل معلومات تجزیوں اور تجربات سے شرکاء تقریب کو مستفید کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے ایس پی رینک پر ترقی پانے والی خاتون ڈی ایس پی سمیت دیگر تمام ڈی ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونیفارم نام ہے ڈسپلن، خدمت اوراس حلف کی پاسداری کا کہ جو ہم نے اس فورس کو جوائن کرتے وقت اٹھایا تھا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آپ تمام اپنی عملی زندگی کوخدمت اورغیرجانبداری کی ایک ایسی مثال بنائیں گے جسے محکمہ پولیس سندھ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پیز کو ترقی کیلئے کورس کو لازمی بنایا جارہا ہے جس کا مقصد ان کی پیشہ وارانہ مہارت تجربے اور صلاحیتوں کو مزید فروغ دینا ہے۔ تقریب کے آغاز میں ڈی آئی جی ٹریننگ شوکت عباس نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مذکورہ کورس کی ضرورت اوراہمیت پر مشتمل تفصیلات کا احاطہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی سندھ کے وژن اور محکمہ پولیس سندھ کو ہر لحاظ سے ایک مستعد متحرک اور ڈسپلن فورس بنانے کے ضمن میں فرسٹ جونیئر کمانڈ کورس کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے جس کا مقصد اگلے عہدوں پر ترقی کے منتظر ڈی ایس پیز کو باقاعدہ تربیتی کورس میں شامل کرنا اور انہیں قواعد و ضوابط کے تحت ایس پی رینک کے عہدے پر ترقی دینا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت اگلے عہدوں پر ترقی کے منتظر 28 ڈی ایس پیز نے فرسٹ جونیئر کمانڈ کورس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرکے تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :