ایف بی آرکی بلیک منی کی روک تھام کیلئے کڑی شرائط عائد

5لاکھ کے چیک پرایف بی آر کانوٹس آئے گا،ایف بی آر حساب کرے گا کہ پیسے کہاں سے آئے؟ ایف بی آر کی کڑی شرائط پر ملک میں کون کون حساب دے گا؟ ایسا نہ ہو، عوام اٹھ کھڑی ہو،پھر کوئی بھی صورتحال کو نہیں سنبھال سکے گا۔سابق صدر آصف زرداری نے گھمبیر صورتحال سے خبردارکردیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 جون 2019 16:06

ایف بی آرکی بلیک منی کی روک تھام کیلئے کڑی شرائط عائد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جون 2019ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے جعلی اکاؤنٹس اور بلیک منی کی روک تھام کیلئے کڑی شرائط عائد کردی ہیں، سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ 5 لاکھ کے چیک پرایف بی آر کانوٹس آئے گا،ایف بی آر حساب کرے گا کہ پیسے کہاں سے آئے؟ ایف بی آر کی کڑی شرائط پر ملک میں کون کون حساب دے گا؟ لہذا حساب کتاب بند کیا جائے اور مستقبل کا سوچا جائے۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم جس دور میں آئے، مشرف کا دس سالہ دور گزرا تھا، ہم نے کسی کونہیں پکڑا، کیونکہ ہمیں پتا تھا کہ مجھے پکڑنے سے پیپلزپارٹی کو فرق نہیں پڑتا، بلکہ پیپلزپارٹی مضبوط ہوتی ہے۔ ایک عام آدمی اور بزنس مین سوچتا ہے اگر آصف زرداری کو پکڑا جاسکتا ہے تو مجھے کیوں نہیں پکڑا جاسکتا؟ جو طاقتیں ان کو لے کرآئی ہیں ان کو بھی سوچنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایسا نہ ہو کہ کل پورا ملک اور پوری عوام کھڑی ہوجائے، پھر ہم یا کوئی سیاسی جماعت یا کوئی اور نہیں سنبھال سکے گا۔مجھے نظر آرہا ہے ، لیکن ان کونظر نہیں آرہا، کہ مستقبل میں کہیں سیاسی جماعتوں کے ہاتھ سے بھی یہ بال نکل نہ جائے؟ پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا فیصلہ اے پی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

تمام فیصلے مشترکہ طور پر کیے جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ میرے خیال میں حکومت کو جانا چاہیے۔ یہ بھی سوچنا ہوگا ان کے جانے کے بعد کون آئے گا؟ آصف زرداری نے کہا کہ آج مجھے پارلیمنٹ بلانے کو تیار نہیں، ہم نے کبھی لڑائی والی سوچ نہیں رکھی، ہمارے پاس کوئی ہتھیار بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جیل میں ہوں میرے حوصلے بلند ہیں۔میری خیر ہے پاکستان کا خیال رکھیں۔

ہم دباؤ والے لوگ نہیں پیار والے لوگ ہیں۔ ہمیں تواوپر سے نیچے تک اعتراض ہے۔ کہا جاتا ہے ہم نوکریاں نہیں دیں۔ الزام لگانے والے دیکھیں آپ نے کیا کیا ہے؟ دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، ہم جانتے ہیں ان کو کس نے بنایا اور کیوں بنایا؟ پرویز مشرف نے اپنے دور آمریت میں کراچی کو اربوں روپے دیے، کراچی کو یرغمال بنائے اور خون کی ندیاں بھی بہائیں۔