کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانہ تیموریہ میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا

اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز انویسٹی گیشن بھی موجود تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 جون 2019 16:43

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانہ تیموریہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 20جُون 2019ء، نمائندہ خصوصی، آصف خان) کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانہ تیموریہ میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز انویسٹی گیشن بھی موجود تھے ۔کراچی پولیس چیف نے آ ئی ٹی لیب کی اہمیت اور مقصد سے آ گاہ کیا۔ اور ہدایت دی کہ آئندہ سے متعلقہ زون کے تمام انویسٹی گیشن آفیسرز اسی آئی ٹی لیب سے اپنی کیس فائل تیار کروائیں گے۔

اس موقع پر پولیس چیف نے کہا کہ ہم اپنے محدود وسائل میں انویسٹیگیشن کے ادارے کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ تفتیشی یونٹ کے مسائل بہت زیادہ ہیں جبکہ ہم پروسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں زون کی سطح پر آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا جا رہا ہے اور بعد میں اس مرحلے کو بڑھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ اور تھانوں کی سطح پر بھی اس کا آغاز کیا جائے گا تاکہ تفتیشی افسران کو بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے اور زیادہ سے زیادہ ملزمان کو سزائیں دلوائی جا سکیں۔

پولیس چیف نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ہمارا گھر ہے ہم اپنے گھر کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم تقریباً چھ سے آٹھ ماہ سے تھانوں کی مرمت، اسلحے کی صفائی اور دیگر امور پر توجہ دے رہے ہیں اور مزید کمی اور کوتاہیوں کو اپنے وسائل کے مطابق دور کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔پولیس چیف نے مزید کہا کہ ٹریفک اہلکاروں کو چاہیے کہ وہ ڈسپلن میں رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کریں اور درپیش مسائل کے حوالے سے اپنے افسران بالا کو آگاہ کریں۔ پولیس افسران و ملازمان کی جانب سے ڈسپلین کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔