کمشنر آفس جرگہ ہال میں پولیو کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

کمشنرامجدعلی خان کابہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیو ورکر زمیں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم

جمعرات 20 جون 2019 16:56

کمشنر آفس جرگہ ہال میں پولیو کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) کمشنر آفس جرگہ ہال میں پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر پشاور امجدعلی خان نے بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیو ورکر ز میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مشرف حسین ‘ اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان ‘ ڈاکٹر اکرام ڈویژنل این سٹاف ‘ ڈاکٹر انور جمان این سٹاف آفیسر ‘ ڈبلیو ایچ او ‘ یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے ۔

انعام حاصل کرنیوالے پولیو ہیروز نے مشکل ترین حالات میں اپنی جان و مال کی فکر کیے بغیر اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سرانجام دی اور بچوں تک پولیو سے بچائو کی ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور امجد علی خان نے کہاکہ بچوں کو معذوری سے بچانا قومی فریضہ ہے جس میں محکمہ صحت اور معاون اداروں کے حکام کے ساتھ ساتھ پولیو ہیروز شاندار خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف مہم فرائض منصبی کے ساتھ ساتھ ایک جہاد بھی ہے ۔

انہوں نے پولیو ورکرز کی قرنانیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پولیو پروگرام کی کامیا بی میں ورکرز کا خون پسینہ شامل ہے ‘ مشکل حالات میں جب ضلعی انتظامیہ کیلئے عوام میں جانا مشکل تھا پولیو ورکرز نے گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو ویکسین پلائی ۔ اپریل مہم میں منفی پروپیگنڈے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس سے پولیو پروگرام کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور پولیو ورکرز کو نئے سرے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔

پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیو ہیروز کی انتھک محنت کی وجہ سے امید ہے کہ جلدی ہی ملک بھر سے پولیو کا خاتمہ کردیا جائیگا ۔ اس موقع پر کمشنر پشاور نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 53 پولیو ورکرز میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے ان کی کاوشوں کو سراہا اور ولدین سے اپیل کی کہ وہ اپ نے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں اور پولیو کے ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے دو قطرے ضرور پلائیں ۔