ایبٹ آباد میں بارش سے نالے بند ، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں

جمعرات 20 جون 2019 17:21

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) ایبٹ آباد میں بارش سے نالے بند ہونے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، مانسہرہ روڈ پر مختلف جگہوں پر نالوں میں طغیانی سے ٹریفک بلاک رہی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گذشتہ شام اور جمعرات کی صبح ہونے والی بارش کے بعد مانسہرہ روڈ، کاکول روڈاور لنک روڈ پر بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا جس کی وجہ سے مانسہرہ روڈ پر ٹریفک معطل رہی، گاڑیاں پانی میں کھڑی ہو گئیں، گھنٹوں ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مانسہرہ روڈ، کاکول روڈ اور لنک روڈ پر آئے روز بارش کی صورت میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں جس سے ان سڑکوں کا بند ہونا معمول بن گیا ہے، ٹی ایم اے اور کنٹونمنٹ بورڈ صرف دعوئوں پر محدود ہو کر رہ گیا ہے، جب پل نالہ، سیٹھی مسجد نالہ، گلشن اقبال نالہ، برن ہال کالج نالہ سمیت متعدد نالے تجاوزات کے باعث سکڑ کر رہ گئے ہیں اور بارش کے سیزن میں ان کا بند ہونا معمول بن گیا ہے۔شہریوں نے نکاسی آب کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔