مال گاڑی اورمسافر ٹرین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی

ٹرینوں میں حادثہ حیدرآباد کے قریب پیش آیا، ٹرینیں ٹکرانے سے ڈبے قریبی گھروں پر جا گرے، اور انجن کو آگ لگ گئی، جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیموں کی طبی سرگرمیاں جاری ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 جون 2019 17:37

مال گاڑی اورمسافر ٹرین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی
حیدر آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جون 2019ء) حیدرآباد میں مال گاڑی اور مسافر ٹرین میں تصادم ہوگیا، ٹرینیں ٹکرانے سے ڈبے قریبی گھروں پر جا گرے، حادثے میں3 افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں پٹھان کوٹ کے قریب 3 ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، مال گاڑی اور مسافر ٹرین جناح ایکسپریس گرین لائن آپس میں ٹکرانے سے ٹرینوں کی بوگیاں الٹ گئیں۔

جبکہ بعض ڈبے قریبی گھروں پر جا گرے۔ ٹرینوں کے حادثے میں 3 افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ٹرینوں کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرینوں میں حادثہ مکی شاہ تھانے کی حدود میں مکی شاہ پھاٹک پر پیش آیا۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد انجمن میں آگ لگ گئی۔ ٹرینوں کے حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانیوالی جناح ایکسپریس مال گاڑی سےٹکرائی۔ ٹرینوں کے حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور اور فائر مین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مال گاڑی کوئلہ لے کر جا رہی تھی۔ دوسری جانب راولپنڈی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا سے گفتگو میں حادثے سے بے خبر سیاسی بیان بازی میں مصروف نظر آئے۔

تاہم حادثے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ حیدرآباد سے باہر سگنل کراسنگ پر حادثہ پیش آیا۔ ریلوے حکام کراچی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں کسی مسافر کونقصان نہیں پہنچا۔ حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور اورگارڈکے جاں بحق ہونے جبکہ ڈرائیور کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ا یک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات کرکے بتائیں گے۔