ریلوے حادثے میں کسی مسافر کونقصان نہیں پہنچا، شیخ رشید

حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور اورگارڈکے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، ایک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات کرکے بتائیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 جون 2019 18:27

ریلوے حادثے میں کسی مسافر کونقصان نہیں پہنچا، شیخ رشید
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جون 2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے حادثے میں کسی مسافر کونقصان نہیں پہنچا، حادثے میں ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، ایک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات کرکے بتائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں مال گاڑی اور مسافر ٹرین آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے میں 3 فراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ حیدرآباد سے باہر سگنل کراسنگ پر حادثہ پیش آیا۔ ریلوے حکام کراچی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں کسی مسافر کونقصان نہیں پہنچا۔ حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور اورگارڈکے جاں بحق ہونے جبکہ ڈرائیور کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات کرکے بتائیں گے۔

واضح رہے حیدرآباد میں پٹھان کوٹ کے قریب 3 ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، مال گاڑی اور مسافر ٹرین جناح ایکسپریس گرین لائن آپس میں ٹکرانے سے ٹرینوں کی بوگیاں الٹ گئیں۔ جبکہ بعض ڈبے قریبی گھروں پر جا گرے۔ ٹرینوں کے حادثے میں 3 افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ٹرینوں کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی زخمی ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ ٹرینوں میں حادثہ مکی شاہ تھانے کی حدود میں مکی شاہ پھاٹک پر پیش آیا۔ حادثے کے بعد انجمن میں آگ لگ گئی۔ ٹرینوں کے حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانیوالی جناح ایکسپریس مال گاڑی سےٹکرائی۔ ٹرینوں کے حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور اور فائر مین سمیت 3 افراد جاں بحق اور5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مال گاڑی کوئلہ لے کر جا رہی تھی۔ دوسری جانب راولپنڈی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا سے گفتگو میں حادثے سے بے خبر سیاسی بیان بازی میں مصروف نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے ملازمین کو مستقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاسی مسائل سےگزررہا ہے۔ کاروباری حضرات چاہتے ہیں کہ حکومت کرپٹ لوگوں کو گرفتارکرے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کےخلاف بھی سازشیں موجود ہیں۔

شریف خاندان میں وراثت کی لڑائی جاری ہے۔ مجھے حمزہ شہباز بھی بچتے نظر نہیں آرہے، حمزہ شہباز کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں۔ شہباز شریف بھی میری جماعت میں ہیں۔ ایک شہباز مسلم لیگ ہے ایک نواز مسلم لیگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ ہر حال میں پاس ہوجائے گا۔ جولائی کے پہلے ہفتے میں آئی ایم ایف سے معاہدے پردستخط ہوجائیں گے۔