ورلڈکپ کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو تگڑا ہدف دے دیا

کینگروز کے بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کو 382 رنز کا ہدف دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 20 جون 2019 18:50

ورلڈکپ کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو تگڑا ہدف دے دیا
ناٹنگھم (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20جون2019ء) ورلڈکپ کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو تگڑا ہدف دے دیا، کینگروز کے بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کو 382 رنز کا ہدف دیا ۔ اس سے قبل دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ، کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور 121 رنز کا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا، کپتان فنچ 53 رنز بنا کر سومیا سرکار کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔

ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے دوسری وکٹ کےلئے سکور آگے بڑھانا شروع کیا اور اس دوران وارنر نے اپنی17ویں سنچری بھی مکمل کی ،دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے192رنز جوڑے جس کے بعد وارنر 147گیندوں پر14چوکوں اور5چھکوں کی مدد سے166رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے،مکیسویل2چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے32رنز بنا کر ر ن آﺅٹ ہوئے،عثمان خواجہ89رنز بنا کر سومیا سرکار کی تیسری وکٹ بنے،سٹیو سمتھ صرف ایک رن بنا کر مستفیض کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،آسٹریلیا نے شان مارش، جیسن بہرینڈورف اور کین رچرڈسن کی جگہ نیتھن کولٹرنائل، ایڈم زیمپا اور مارکس سٹوئنس کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے سیف الدین کی جگہ ٹیم میں روبیل حسین کو شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں ایک روزہ میچوں میں اب تک 20 بار آمنے سامنے آئی ہیں جن میں سے آسٹریلیا 18 میچ جیتے ہیں، ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا ہے۔دونوں ٹیمیں ایونٹ میں ابتک 5 میچز کھیل چکی ہیں، بنگلادیش کو پانچ میچوں میں سے 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا،ادھر آسٹریلیا نے پانچ میچوں میں سے چار میں فتح اپنے نام کی جب کہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا رہا،ورلڈ کپ میں پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بنگلادیش پانچویں نمبر پر موجود ہے۔