Live Updates

وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان کی قیادت میں 18 رکنی وفد کی ملاقات

مشیر خزانہ نے معیشت اور تجارت کے فروغ کے لئے تاجر برادری کی جائز شکایات دور کرنے اور بجٹ میں خامیوں کو دور کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو 31 ہزار ارب روپے کا اندرونی، 100 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ورثے میں ملا، زر مبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر ہیں، تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، ہمیں تجارت کی بجائے مینوفیکچرنگ پر انحصار کرنا ہو گا تاکہ شہریوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

جمعرات 20 جون 2019 21:31

وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ایف پی سی سی آئی کے صدر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے معیشت اور تجارت کے فروغ کے لئے تاجر برادری کی جائز شکایات دور کرنے اور موجودہ بجٹ میں خامیوں کو دور کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جمعرات کو وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر انجینئر دارو خان کی قیادت میں 18 رکنی وفد نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی اور انہیں بجٹ میں پائی جانے والی خامیوں سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل اور صنعت و پیداوار عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے معاشی اشاریوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو 31 ہزار ارب روپے کا اندرونی قرضہ جبکہ 100 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ورثے میں ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر ہیں جبکہ گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستانی برآمدات کی شرح نمو صفر رہی ہے، تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، مالیاتی خسارہ 2300 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ گردشی قرضہ ہر ماہ 38 ارب روپے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں تجارت کی بجائے مینوفیکچرنگ پر انحصار کرنا ہو گا تاکہ شہریوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور نجی شعبہ کے بڑے نمائندوں کو کمیٹی میں مناسب نمائندگی دی ہے تاکہ وہ اس کو موثر بنا سکیں۔ اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین افتخار علی ملک نے حکومت کی مالیاتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کو معاشی استحکام اور اہداف کے حصول کے لئے تجاویز دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ تجربہ کار معیشت دان ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں وہ پر امید ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی اکنامک ٹیم ملکی معیشت کو دوبارہ ٹریک پر لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری درآمدات کو کنٹرول کر کے برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کر کے صورتحال کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات