کراچی، بجلی بحران شدت اختیار کر گیا، شہر میںشدید گرمی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں بھی اضافہ

جمعرات 20 جون 2019 21:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2019ء) کراچی میں بجلی بحران شدت اختیار کر گیا۔ شہر میںشدید گرمی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ میں بھی اضافہ ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے 14 ، 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کراچی میں شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔کے الیکٹرک شہریوں کو مطلوبہ بجلی فراہم کرنے میں تاحال ناکام ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں کی طرح بدھ اور جمعرات کی شب بھی بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا رکھا ، شہریوں نے بچوں اور بوڑھے والدین کے ساتھ پوری رات سخت گرمی میں جاگ کر گزاری جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، کورنگی،ملیر کے بیشتر علاقوں ایف ساوتھ ایریا ، شبانہ ٹاون ، عمار یاسرسوسائٹی ، نفیس بنگلوز ، جعفر طیار ، غازی ٹاون ، اردو نگر ، غریب آباد ، علیم آباد ، جناح اسکوائر ، عزیز آباد،لیاقت اسکوائر ، شیش محل ، محبت نگر ، لیاقت آباد، حسنین سوسائٹی ، ایچ ایریا کے علاوہ گلزار ہجری اسکیم33 ، لانڈھی ، اورنگی ٹاون اور دیگر علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے مکینوںکو اذیت میں مبتلا کردیا۔

شہریوںکا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ 14 سے 16 گھنٹے تک کی جا رہی ہے بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ انہوں نے کے الیکٹرک کمپلین سینٹر رابطہ کیا تاہم عملے کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا مقررہ وقت بتانے سے معذرت کر لی ، شہری بھی رات بھر کمپلین ریکارڈ کراتے رہے۔