Live Updates

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھارتی باکسر سے ہارنے کی صورت میں ریٹائر ہونے کا عندیہ دے دیا

اگر اگلا مقابلہ ہار گیا تو مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کروں گا، عامر خان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 20 جون 2019 23:18

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھارتی باکسر سے ہارنے کی صورت ..
لندن (اردوپوائنٹ اخبار تاز ترین۔20جون2019ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھارتی باکسر سے ہارنے کی صورت میں ریٹائر ہونے کا عندیہ دے دیا ہے۔ عامر خان نے کہا ہے کہ اگر اگلا مقابلہ ہار گیا تو مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کروں گا۔ 32 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ان کے لیے اگلی فائٹ بہت اہم ہے کیونکہ اس مقابلے میں انکے مستقبل کا فیصلہ ہو گا کہ وہ باکسنگ کھیلتے رہیں گے یا جلد کھیل سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ان کا کھیل جنون ہے اور وہ اپنے آپ کو ریٹائرمنٹ پر مجبور بھی نہیں کرنا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ 12 جولائی کو بھارتی حریف نیرج گویاٹ کا سامنا کرنے کے لیے بیتاب ہیں اور وہ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے لیکن اگر وہ توقعات پر پورا نہ اترسکے تو وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کھیل میں جو حاصل کرنا تھا کر لیا ہے۔

باکسر عامر خان نے بھارتی کھلاڑی نیرج گویاٹ کا سامنا کرنے کا انتخاب کیا ہے۔ جولائی میں ہونے والے اس میچ کی انعامی رقم 70 لاکھ برطانوی پاوٴنڈز ہے جو کہ تقریباً ایک ارب پاکستانی روپے بنتے ہیں۔ خیال رہے کہ آئندہ ماہ جدہ میں ہونے والی باکسنگ فائٹ کے دوران پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ایک خط میں وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب میں ہونے والی فائٹ دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر آنے کی دعوت بھی دی ہے۔

باکسر محمد عامر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی خط کے ذریعے میچ دیکھنے کے لیے آنے کی دعوت دی ہے۔ عامر خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ اس فائٹ کے ذریعے پاکستان اور بھارت کی عوام کو قریب لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں روایتی حریف ممالک میں بہت ساری ٹینشنز موجود ہیں جنہیں کھیل کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات