منشا بم اور اس کے دونوں بیٹوں کی تمام مقدمات میں درخواست ضمانت منظور کر لی گئی

عدالت نے منشا بم اور اس کے دو بیٹوں کی جیل سے رہائی کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 21 جون 2019 10:49

منشا بم اور اس کے دونوں بیٹوں کی تمام مقدمات میں درخواست ضمانت منظور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جون 2019ء) : قبضہ مافیا کے سربراہ منشا بم اور اس کے دو بیٹوں کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے منشا بم اور اس کے دو بیٹوں کی تمام مقدمات میں درخواست ضمانت منظور کر لی منشا بم اور اس کے دو بیٹوں نے 7مقدمات میں درخواست ضمانتوں بعد از گرفتاری دائر کی تھی۔

سیشن عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سنایا۔ جوہر ٹاون پولیس نے منشا بم اور اس کے بیٹوں پر چار مقدمے اور ٹاون شپ پولیس نے 3 مقدمات درج کررکھے ہیں۔ ملزمان پر شہریوں کے گھروں اور پلاٹوں پر قبضہ کرنے کا الزام ہے۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان بے قصور ہیں، پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمات درج کیے۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت منظور کر لی اور منشا بم اور اس کے دو بیٹوں کو جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والا منشا بم پولیس کے چھاپے کے دوران مزاحمت کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے لاہور میں قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا ۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منشا بم کی 3 اکتوبر کی رات بارہ سے ایک بجے کے درمیان اپنے ڈیرے پر آمد متوقع ہے جس کے بعد پولیس نے اپنے دو اہلکاروں کو وہاں ڈیرے پر نظر رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا۔ ایس پی صدر معاذ ظفر نے کہا کہ کہ موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جب منشا بم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ موجود گارڈز نے مزاحمت شروع کر دی اور منشا بم پولیس ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی فرار ہو گیا ۔ البتہ پولیس نے منشا بم کی گاڑی قبضے میں لے لی تھی۔ جس کے بعد 15 اکتوبر کو منشا بم نے خود ہی سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہو کر گرفتاری دے دی تھی۔