معروف قوال ا مجد صابری کی تیسری برسی کل منائی جائے گی

جمعہ 21 جون 2019 13:21

معروف قوال ا مجد صابری کی تیسری برسی کل منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) معروف قوال امجد صابری کی تیسری برسی کل 22 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔امجد صابری 23دسمبر1976کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ان کا تعلق قوالی کے منفرد گھرانے سے تھا ۔ان کے والد غلام فرید صابری اور چچا مقبول فرید صابری نے قوالی کی دنیا میں منفرد شناخت قائم کی ۔انہوں نے اپنے والد اور چچا کی مشہور قوالیاں بھر دو جھولی میری ،کوئی اپنا نہیں غم کے مارے ہیں ہم، آئے ہیں تیرے در پہ ،ملتا ہے کیا نماز میں سجدے میں جا کے دیکھ ،یا محمد نور مجسم،یا صاحب الجمال و یا سید البشر،طیبہ کے جانے والے ،آفتاب رسالت مدینے میں ہے،صابر پیا ذرا کھولو کوًڑِیااور اے خُدا اِلتجا ہے یہ میری‘ کو نہایت دلکش اور منفرد انداز سے گایا۔

امجد صابری نے اپنے آخری ٹی وی پروگرام میں شیڈول سے ہٹ کر ’’اے سبز گنبد والے منظور دعا کرنا،جب وقتِ نزع آئے دِیدار عطا کرنا ‘‘سنا کر سب کو رُلا دیا اور خود بھی روئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوفیانہ کلام کو منفرد انداز سے گا کر ملک کا نام روشن کیا۔کئی غیر مسلم ان سے صوفیانہ کلام سن کر مشرف بہ اسلام بھی ہوئے۔امجد صابری 22 جون 2016ء کو ایک ٹی وی پروگرام کیلئے جا رہے تھے کہ لیاقت آباد میں غلام فرید صابری انڈر پاس کے نزدیک مسلح موٹر سائیکل سوراروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں جام شہادت نوش فرما گئے۔

مرحوم کی برسی پر مختلف تقریبات میں انہیں خراج عقید ت پیش کرنے کے علاوہ الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگرامات نشر اور پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین شائع کیے جائیں گے۔