آل پاکستان انجمن تاجران کی ایکشن کمیٹی کا تاجروں کے مسائل کے سلسلہ میں 30 جون کو ملتان میں ملک گیر تاجر کنونشن کے انعقاد کا اعلان

جمعہ 21 جون 2019 13:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) آل پاکستان انجمن تاجران کی ایکشن کمیٹی نے تاجروں کے مسائل کے سلسلہ میں 30جون بروز اتوار کو ملتان کے راجستھان ہال میں ملک گیر تاجر کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جس میں ملک بھر کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران و ممبران شرکت کریں گے۔اس سلسلہ میں انجمن تاجران کے مرکزی رہنما کاشف چوہدری، چیئرمین ایکشن کمیٹی آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ شاہد رزاق سکا اور جنرل سیکرٹری انجمن تاجران سٹی رجسٹر فیصل آباد چوہدری محمود عالم جٹ نے بتایاکہ کنونشن کے ایجنڈا کو حتمی شکل دینے کیلئے تاجر رہنمائوں کا اجلاس 29جو ن بروز ہفتہ کو طلب کیا گیا ہے۔

جس میں عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا اور تاجر کنونشن میں موجودہ بجٹ کے بارے میں حکمت عملی اور لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس کنونشن میں مناسب تجاویز تیار کر کے حکومت کو تاجروں کے درپیش مسائل حل کرنے کیلئے سفارشات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تاجروں کو ایک چھتری تلے جمع کرنے کیلئے گزشتہ 13ماہ سے صوبہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر، پنجاب سمیت اضلاعی اور تحصیلوں کی سطح پر دورے کئے جا رہے ہیں تاکہ تاجروں کے اجتماعی مسائل کو مل کر حل کیا جا سکے ۔

انہوںنے کہا کہ وہ تاجروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوںنے بتایاکہ عہدیداروں کے چنائو کے بعد اسی روز حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہو گی۔ انہوںنے بتایاکہ تاجر کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے خواجہ سلیمان صدیقی کی قیادت میں مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو ملک بھر کی تاجر تنظیموں سے ملاقاتیں کر رہی ہیں۔