امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے تو پورا خطہ متاثر ہوگا‘ حکومت طبی بنیادوں پر نواز شریف کو علاج کرانے کے لئے ریلیف دے‘ جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 جون 2019 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے تو پورا خطہ متاثر ہوگا‘ حساب کتاب انصاف کا تقاضا ہے لیکن احتساب شفاف ہونا چاہیے‘ نواز شریف اس ملک کا شہری ہے‘ حکومت طبی بنیادوں پر انہیں علاج کرانے کے لئے ریلیف دے‘عالمی مالیاتی ادارے کا تیار کردہ بجٹ اگر منظور ہوگیا تو غریب کی زندگی کو اجیرن بنا دے گا۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایران امریکہ کشیدگی سے پورا خطہ آگ کے شعلوں میں چلا جائے گا، عالمی برادری اور پاکستان اس آگ کو بجھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں صاف شفاف احتساب کے حق میں ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مالی سال 2019-20ء کا بجٹ منتخب نمائندوں کا تیار کردہ نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا قرض نامہ ہے، بجٹ کو واپس لے کر نئے سرے سے اس پر مشاورت کے بعد اسے دوبارہ ایوان میں پیش کیا جائے تاکہ عوام کو اس سے ریلیف مل سکے۔

موجودہ بجٹ میں چینی پر ٹیکس سے چینی مہنگی ہوگی جبکہ سیمنٹ کی فی بوری میں 120 روپے اضافہ ہوگا۔ سابق وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں جن چیزوں کی نشاندہی کی ہے حکومت اس حوالے سے ان تجاویز پر عمل کرے۔