اراضی قبضہ کیس ، منشا بم اور ان کے بیٹوں کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور،رہائی کا حکم

جمعہ 21 جون 2019 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2019ء) لاہور کی مقامی عدالت نے اراضی قبضہ کیس کے الزامات کے تحت گرفتار منشا بم اور ان کے بیٹوں کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور کی سیشن عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے منشا بم اور ان کے 2 بیٹوں کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔منشا بم اور اس کے 2 بیٹوں عاصم اور عامر نے اراضی پر قبضہ سے متعلق 7 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں دائر کی تھیں۔

پولیس نے 6 کیسز میں منشا بم اور ایک کیس میں منشا بم کے 2 بیٹوں کو نامزد کیا تھا اور یہ مقدمات جوہر ٹائون پولیس اور ٹائون شپ پولیس نے درج کیے تھے۔ملزمان پر شہریوں کے مکانات اور پلاٹوں پر قبضہ کرنے کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت منشا بم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان بے قصور ہیں پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمات درج کیے۔ عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹوں پر اراضی قبضہ کے 7 مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

فروری 2019 میں لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پلاٹ پر قبضے اور بھتہ لینے سے متعلق ایک کیس میں قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کی ضمانت منظور کی تھی، اس سلسلے میں پولیس نے منشا بم کے خلاف جوہر ٹائون میں پلاٹ پر قبضہ اور بھتہ مانگنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔ 15 اکتوبر 2018 کو پنجاب پولیس نے زمینوں پر قبضوں کے الزام سمیت 80 مقدمات میں مطلوب منشا بم کو سپریم کورٹ سے حراست میں لے لیا تھا۔