کوئٹہ ، حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں یکم جولائی سے 200فیصد تک اضافے کا فیصلہ تشویشناک ہے، ہدایت الرحمان بلوچ

موجودہ حکومت کی پالیسی قرض لو اور مہنگائی وٹیکسزبڑھائو یہ منفی پالیسی غریب دشمن ہے جس کی وجہ سے غریب عوام نان شبینہ کے محتاج ہورہے ہیں، صوبائی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

جمعہ 21 جون 2019 22:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں یکم جولائی سے 200فیصد تک اضافے کا فیصلہ تشویشناک ہے موجودہ حکومت کی پالیسی قرض لو اور مہنگائی وٹیکسزبڑھائو یہ منفی پالیسی غریب دشمن ہے جس کی وجہ سے غریب عوام نان شبینہ کے محتاج ہورہے ہیں ۔

گھریلو صارفین کے لئے ہونے والے اضافے سے عوام کی مشکلات میں بے پنا ہ اضافہ ہو جائے گا ۔پہلے ہی رواں مالی سال کے دوران گیس کے نرخوں میں 143فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔بجلی ناپید اور مہنگی کرکے کرپشن کا بازار گرم کیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ غربت،مہنگائی ،بے روزگاری،بددیانتی،کرپشن اورلوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے۔

(جاری ہے)

مختلف ٹیکس لگاکر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہا ہے۔حکمرانوں کے دعوئوں کے برعکس عام آدمی کے حالات بہترہونے کی بجائے بدترہوتے جارہے ہیں۔حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں اور قرضوں کی دلدل نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکیاہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبورکردیا ہے۔

70برسوں سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے پوری قوم کو یرغمال بنایاہواہے۔دولت چند ہاتھوں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ اگر ملکی بیوروکریسی درست ہوجائے توپاکستان دنیا کے نقشے پر مثالی ملک بن سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک سودی نظام معیشت کی بجائے اسلامی طرزمعیشت کواختیارنہیں کرلیاجاتا ہمیں درپیش مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے حالات سازگار بنانا حکمرانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ملکی بقاء اور سلامتی کی خاطر سب کومل کر کام کرنا ہوگا۔امیرالعظیم نے مزید کہاکہ عوام کوریلیف دینے کے تمام تر دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔حکومت کو دس ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے مگر قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ ملک میں انتشار ،افراتفری، لاقانونیت اور مہنگائی میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے عذاب سے نجات دلانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔